ہریتھک روشن ’ماہر ریاضیات‘ کے روپ میں
بولی وڈ اداکار ہریتھک روشن اپنی اگلی فلم میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کریں گے جو ریاضی میں مہارت رکھتا ہے۔
اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کردار ماہر ریاضیات آنند کمار کا ہے جن کی سوانح حیات ’سُپر 30‘ پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔
ممبئی مِرر کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فلم کی ہدایات نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ’کوئین‘ کے ہدایت کار ویکاس بہل دیں گے۔
مزید پڑھیں: ہریتھک روشن کے بولی وڈ میں 17 سال مکمل
اس فلم کی کہانی ریاضی میں مہارت رکھنے والے ہندوستانی استاد آنند کمار کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 30 قابل لیکن غریب طلبہ کو انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے بہترین ادارے کے داخلی امتحان کے لیے تیار کیا اور کامیاب ہوئے، وہ اس وقت اپنا تعلیمی پروگرام ’سُپر 30‘ چلا رہے ہیں۔
ہریتھک روشن اور آنند کمار کی ملاقات ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی ایک خاص قسط کے دوران ہوئی تھی۔
آنند کمار نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں بہت خوش ہوں کہ ہریتھک میرا کردار ادا کررہے ہیں کیوں کہ وہ اس رول کے لیے بہترین ہیں، وہ اپنے کام میں جتنی محنت کرتے ہیں، میں اس سے بےحد متاثر ہوں، مجھے یقین ہے کہ وہ میرا کردار بخوبی نبھائیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے ویکاس بہل پر پورا یقین ہے، وہ میری کہانی کو سمجھداری سے بیان کریں گے‘۔
اس سوانح حیات کی پروڈکشن مدھو منتینا، فینٹم فلمز اور ریئل لائف انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: 'قابل': روایتی محبت کی کہانی، ہریتھک کی شاندار اداکاری
فلم کے ہدایت کار ویکاس بہل کا کہنا تھا کہ ’آنند کمار انڈیا کے سچے ہیرو ہیں، انہوں نے ہر مشکل کے برعکس اُن بچوں کو تعلیم دی جو اسے حاصل نہیں کرسکتے تھے، میں پوری دنیا کو ان کی کہانی بتانے کے لیے بےحد پرجوش ہوں‘۔
اس فلم کی شوٹنگ کا تو اب تک آغاز نہیں ہوا لیکن امید ہے کہ اسے جلد شروع کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ہریتھک روشن آخری مرتبہ 2017 کی فلم ’قابل‘ میں جلوہ گر ہوئے، اس فلم میں انہوں نے ایک نابینا شخص کا کردار ادا کیا تھا۔
فلم نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا تھا۔