• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر آئی سی سی کی مبارک باد

شائع September 16, 2017 اپ ڈیٹ September 17, 2017
پاکستان نے آزادی کپ سیریز 2017 میں ورلڈ الیون کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی — فوٹو / اے ایف پی
پاکستان نے آزادی کپ سیریز 2017 میں ورلڈ الیون کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی — فوٹو / اے ایف پی

کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین کھیلی گئی سیریز آزادی کپ 2017 کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مبارک باد پیش کی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک اور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ایک ویڈیو پیغام میں ورلڈ الیون کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں عہدیداروں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آزادی کپ سیریز کے دوران پاکستانی قوم نے کرکٹ کے لیے اپنے جذبات کا بہترین مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے ایسا ماحول فراہم کیا جس میں وہ اپنے ٹیلنٹ کا بہترین مظاہرہ کر سکیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست، آزادی کپ پاکستان کے نام

جائلز کلارک اور ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان، ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک چھوٹا قدم ہے، تاہم اس دورے سے ظاہر ہے کہ اب آئی سی سی کی فل ممبر ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

آزادی کپ کے ابتدائی دو میچز دیکھنے والے آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون ٹیم کا استقبال پاکستان میں غیر معمولی تھا، جبکہ آئی سی سی نے شائقین کے ساتھ تعامل بنانے کی بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے کہا کپ قذافی اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین جیسا ردِ عمل انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔

ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور آزادی کپ کی تیاریوں میں شامل تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم، انتظامیہ اور عوام نے بتا دیا کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں اور یہاں میچز بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کرکٹ کی بحالی، کھلاڑیوں کا خراجِ تحسین

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ آزادی کپ کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے اعتماد بحال کرنے میں پہلا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منعقد کرانا اور پاکستان کا دورہ کرنے میں خطرات ہو سکتے ہیں لیکن پاکستان کے سیکیورٹی ادارے خطرے سے نمٹنے کے اہل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا مقصد آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سمیت دنیائے کرکٹ کے دیگر ممالک کے کھلاڑیوں میں پاکستان میں بہتر سیکیورٹی کے حوالے سے اعتماد بحال کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کا آفریدی اور مصباح کو زبردست خراج تحسین

انہوں نے کہا کہ ’ہمیشہ ایک ہی سوال ابھرتا ہے کہ کاغذ پر تیار کردہ سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کرنا ممکن ہو سکتا ہے؟ تو اس کا جواب ہے ہاں! ایسا ہو سکتا ہے۔‘

ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی راتوں رات نہیں ہو سکتی، یہ آہستہ آہستہ ہی ممکن ہو سکتا ہے جس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل پہلا قدم جبکہ ورلڈ الیون کی سیریز دوسرا قدم ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں جائلز کلارک اور ڈیوڈ رچرڈسن نے سیریز کے کامیاب انعقاد پر حکومت پنجاب اور صوبے کی تمام سیکیورٹی اداروں کی بھی تعریف کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024