• KHI: Zuhr 12:34pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 4:38pm
  • ISB: Zuhr 12:10pm Asr 4:44pm
  • KHI: Zuhr 12:34pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 4:38pm
  • ISB: Zuhr 12:10pm Asr 4:44pm

این اے 120 ضمنی انتخاب:مسلم لیگ، پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹس

شائع September 15, 2017

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب کی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پرویز رشید، طلال چوہدری اورمحمودالرشید سمیت پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کئی رہنماؤں کو نوٹس جاری کردیا۔

ای سی پی کی جانب سے حکمران جماعت کے وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سینیٹر پرویزملک، مائزہ حمید، شائستہ پرویز رشید، رخسانہ کوکب اور رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کو قواعد کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

قواعد کی خلاف وزری پر پی ٹی آئی کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید اور سعدیہ سہیل رانا کو نوٹس جاری ہوئے ہیں۔

ای سی پی کے ضابطہ اخلاق کے تحت وزرا کے علاوہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین پر الیکشن مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ضمنی انتخاب میں قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ'ای سی پی نے قومی اور صوبائی اراکین اسمبلی کو ضمنی انتخاب کی مہم چلانے سے منع کیا تھا'۔

یہ بھی پڑھیں:این اے 120: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پرویز ملک سے جواب طلب

ای سی پی نے نوٹس حاصل کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کو 20 ستمبر کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

پنجاب کے چیف سیکریٹری کو بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پرسماعت کے لیے 20 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔

ای سی پی کی جانب سے چیف سیکریٹری پنجاب کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ کمیشن کی جانب سے روکنے کے باوجود این اے 120 میں سیاسی سرگرمیاں جاری رہنے پر انھیں رواں ماہ کے آغاز میں بھی سماعت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:این اے120:ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2لیگی ارکان اسمبلی کو نوٹس

خیال رہے کہ این اے 120 کی نشست سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی جس کے لیے پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز، پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل میر اور جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

این اے 120 کا ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 8 اپریل 2025
کارٹون : 7 اپریل 2025