یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں بلکہ ایک تاریخی لمحہ ہے: نجم سیٹھی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو رہی ہے جبکہ ’ورلڈ الیون‘ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز صرف کرکٹ نہیں بلکہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔
لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈائریکٹر کرکٹ جائلز کلارک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتی جبکہ آج کرکٹ کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت جواب جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے بے حد مشکور ہیں جبکہ پی سی بی کے ساتھ تعاون پر سیکیورٹی اداروں کے بھی شکر گزار ہیں۔
پی سی بی کے سربراہ نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز دیکھنے کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کرکٹ میں ورلڈ الیون کی تاریخی کہانی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے کامیاب فائنل کا تذکرہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ایس ایل کرانا بڑی کامیابی تھی جبکہ ورلڈ الیون پاکستان نہ آتی تو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال کرنے میں مزید کئی سال لگ سکتے تھے۔
اس موقع پر آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے کہا کہ یہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا پہلا قدم ہے اور اس کے لیے پوری پاکستانی قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔
جائلز کلارک نے کہا کہ رواں برس لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کے کامیاب انعقاد نے بھی ورلڈ الیون کی سیریز ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم 2011 سے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ الیون سے سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں بہت فخر ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آگئی اور امید ہے کہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے میدانوں کا رُخ کرے گی جہاں انہیں پاکستان اور ورلڈ الیون کی ٹیم کے درمیان کانٹے کو مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
جائلز کلارک نے بھی ورلڈ الیون ٹیم کی پاکستان آمد کو ایک تاریخ ساز لمحہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ’ آزادی کپ‘ سیریز کھیلنے کے لیے ورلڈ الیون ٹیم کے 13 کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز گذشتہ رات لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے جہاں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی سمیت صوبائی وزیر کھیل اور بورڈ کے دیگر اعلیٰ حکام نے ٹیم کا استقبال کیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور مختلف ممالک کے صف اول کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آئی سی سی ’ورلڈ الیون‘ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 12 ستمبر، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 13 ستمبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے فاف ڈیو پلیسی، ہاشم آملا، مورنے مورکل، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی، سیمیول بدری ، آسٹریلیا کے جارج بیلی, ٹم پین، بین کٹنگ، انگلینڈ کے پال کالنگ وڈ، نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ، سری لنکا کے تھسارا پریرا اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال شامل ہیں۔