• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’ورلڈ الیون سیریز سے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے‘

شائع September 10, 2017
قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے آخری دن کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر اہم صلاح مشورے میں مصروف ہیں— فوٹو: اے پی
قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے آخری دن کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر اہم صلاح مشورے میں مصروف ہیں— فوٹو: اے پی

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور اس سے پاکستان کے لیے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس سیریز کو آسان نہیں لے رہے اور اسے اچھے انداز میں جیتنا چاہتے ہیں، سیریز کو جیتنے کے جذبہ سے قومی ٹیم میدان میں اترے گی اور چیمپیئنز ٹرافی کے بعد اس سیریز میں کامیابی سے کھلاڑیوں کا مورال مزید بلند ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگا اور پتہ چلے گا کہ وہ پریشر کے دوران کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور مستقبل میں ان صلاحیتوں کا کیسے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

ہیڈ کوچ نے سیریز کے انعقاد پر پی سی بی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ایک اچھا قدم ہے، ورلڈ الیون کے کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے سے ناصرف ملکی کرکٹ میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان کے لیے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصے سے پاکستان میں بین الاقوامی میچز نہیں ہورہے اور یہاں کے شائقین میچز دیکھنے سے محروم ہیں لیکن یہ سیریز ان شائقین کے لیے پاکستان میں میچز دیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون آسان حریف نہیں ہے بلکہ اس میں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی شامل ہیں، ان کی ٹیم مضبوط ہے تاہم قومی ٹیم کے حوصلے بھی بلند ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی گراؤنڈ پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں اس لیے انہیں کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور قومی ٹیم سیریز میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔

ٹیم کے سب سے تجربہ کار رکن نے نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر قومی ٹیم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑیوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی اور یہاں پر کرکٹ کھیلنے کے احساسات کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024