• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

’ہریتھک شادی کا وعدہ کرکے مکر گئے‘

شائع September 5, 2017
کنگنا رناوٹ—فوٹو/اسکرین شاٹ
کنگنا رناوٹ—فوٹو/اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی بے باک اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ایک بار پھر سب کو حیران کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کے اور ہریتھک روشن کے درمیان افیئر تھا۔

انڈیا ٹی وی کے پروگرام ’عوام کی عدالت میں‘ بات کرتے ہوئے کنگنا رناوٹ نے نہ صرف ہریتھک روشن سے اپنے تعلقات کے بارے میں بتایا، بلکہ اداکار کی جانب سے بدنام کیے جانے کے بعد خود کو پہنچنے والی تکالیف سے متعلق بھی باتیں کیں۔

کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ان کے اور ہریتھک روشن کے درمیان مارچ 2014 میں تعلقات اُس وقت ختم ہوئے، جب اداکار نے انہیں فون پر پہچاننے سے انکار کیا۔

کوئین اداکارہ نے بتایا کہ 'انہیں ہریتھک روشن سے سچی محبت تھی، لیکن افسوس کے انہیں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا'۔

انہوں نے بتایا کہ 2014 کے آغاز میں ہریتھک روشن نے ان سے کہا تھا کہ نومبر تک ان کی اور ان کی اہلیہ سوزان خان کے درمیان طلاق ہوجائے گی، جس کے بعد وہ کنگنا رناوٹ کو کھلے عام عوامی سطح پر اپنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ نے لگایا کرن جوہر پر اقرباء پروری کا الزام

کنگنا کے مطابق ’لیکن نومبر آنے سے قبل فروری میں ہریتھک روشن منالی میں کسی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ انہیں پتہ چلا کہ ان کا اپنی ہیروئن سے افیئر ہوگیا ہے، اس لیے انہوں نے 14 فروری کے دن انہیں فون کیا اور پوچھا کہ ’ویلنٹائن ڈے‘ وِش کیوں نہیں کیا؟

اداکارہ کے مطابق ہریتھک روشن نے انہیں فون پر پہنچاننے سے انکار کرتے ہوئے پریشانی سے پوچھا کہ 'ابھی تک ہمارے تعلق کے بارے میں کس کس کو پتہ ہے؟'

کنگنا رناوٹ نے مزید بتایا کہ اس کے بعد مارچ تک دونوں کے درمیان تعلقات ختم ہوچکے تھے، مگر ہریتھک روشن نے انہیں بدنام کرنے اور ذہنی اذیت دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

اداکارہ کے مطابق ہریتھک روشن نے 2 سال بعد انہیں ایک قانونی نوٹس بھیجا، جس میں مطالبہ کیا کہ میں ایک پریس کانفرنس بلا کر ان سے معافی مانگوں ورنہ وہ میری تصاویر اور ویڈیوز لیک کردیں گے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہریتھک روشن نے جو ایک ہزار ای میلز یہ کہہ کر لیک کیں کہ یہ کنگنا رناوٹ کی ہیں، وہ انہوں نے خود ہی ان کے اکاؤنٹ سے اپنے نام بھیجیں اور خود ہی لوگوں کو بتایا کہ دیکھو ’یہ لڑکی کتنی پاگل اور بے وقوف ہے‘۔

مزید پڑھیں: 'اقرباء پروری اور کنگنا پر دوبارہ بات نہ کرنے کا عہد'

انہوں نے کہا کہ ہریتھک روشن اور ان کے والد راکیش روشن کو پیسے اور طاقت پر گھمنڈ ہے، انہوں نے مجھے بدنام کرنے اور پاگل قرار دینے کی پوری کوشش کی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ہریتھک روشن نے انہیں بلیک میل یا بہلا پھسلا کر محبت کے لیے راضی نہیں کیا، بلکہ وہ خود بھی ان سے محبت کر بیٹھی تھیں۔

کنگنا رناوٹ کے مطابق ہریتھک روشن اور راکیش روشن نے انہیں دھمکی دی تھی کہ ’وہ انہیں ایکسپوز کریں گے‘ لیکن پورے 2 سال گزر گئے، انہوں نے ’ایکسپوز‘ نہیں کیا، وہ انتظار میں ہیں کہ وہ کب انہیں ’ایکسپوز‘ کریں گے۔

117 منٹ دورانیے کے پروگرام میں کنگنا رناوٹ نے زیادہ تر ہریتھک روشن اور اپنے رشتے سے متعلق باتیں کیں، جب کہ انہوں نے تھوڑی بہت فلم انڈسٹری کے رویوں، اقربا پروری اور مردانہ سوچ سے متعلق گفتگو بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ کو 85 سالہ خاتون کے کردار کی پیشکش

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں آسکر کا کوئی شوق نہیں اور نہ ہی وہ اس کے لیے پاگل ہو رہی ہیں، اگر انہیں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا بھی گیا تو وہ اسے لینے کے لیے نہیں جائیں گی۔

فلم انڈسٹری پر تنقید کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ انڈسٹری بدلنا نہیں چاہتیں، لیکن جو چیز انہیں غلط لگتی ہے، وہ اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ کرن جوہر سے بھلے سب ڈرتے ہوں، لیکن وہ ان سے نہیں ڈرتیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024