ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل طرز پر ہاکی لیگ کے انعقاد پر غور
اسلام آباد۔: پاکستانی ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) نے ملک میں ہاکی کے کھیل کا معیار بلند کرنے اور کھویا ہوا وقار دوبارہ بحال کرنے کیلئے پاکستان سپر لیگ کی طرز پر ہاکی لیگ کے انعقاد پر ایک مرتبہ پھر غور شروع کردیا ہے۔
جمعرات کو پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر کی زیر سربراہی منعقد ہوا جس میں نائب صدور، سیکریٹری شہباز احمد سینئر، خزانچی اخلاق عثمانی، چیف سلیکٹرحسن سردار، تین صوبوں کی ہاکی ایسوسی ایشنز کے سیکریٹریز کے علاوہ آرمی اور واپڈا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
خیبرپختونخوا میں ہاکی ایسوسی ایشنز دھڑے بندی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے اجلاس میں اس صوبے کی نمائندگی نہیں ہو سکی۔
اجلاس میں صدر خالد سجاد کھوکھر نے ہاکی کھیل کے فروغ اور کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ کوچنگ کے طریقہ کار کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ قومی ٹیم کے کھیل کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں سیکریٹری جنرل شہباز احمد سینئر نے آمدن اور اخراجات کی تفصیلات پیش کیں اور چیک اینڈ بیلنس کی ضرورت پر زور دیا۔
فیڈریشن کے اراکین نے قومی ٹیم کی مسلسل غیرمعیاری کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کے انتخاب میں میرٹ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ کی طرز پر ہاکی لیگ کے انعقاد پر بھی ایک مرتبہ غور کیا گیا تاکہ ملک میں ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکے۔
یاد رہے کہ دو سال قبل بھی کرکٹ کی طرز پر ہاکی لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اسے عملی جامع نہیں پہنایا جا سکا۔
اجلاس میں سب سے پہلے سابقہ اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی گئی جبکہ الیکشن رولز اور ویمن ہاکی کو 20فیصد نمائندگی اور اس کے ساتھ ساتھ نئی منیجمنٹ اور نئی سلیکشن کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔