کیا ایک ٹوئیٹ کرنے سے طلاق ہوگئی؟
سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے اس جدید دور میں جہاں تعزیتیں بھی ڈجیٹل ہونے لگی ہیں، وہیں حالیہ برسوں میں طلاقیں بھی آن لائن دی جانے لگی ہیں، اور انہیں بعض مرتبہ تسلیم بھی کرلیا جاتا ہے۔
آن لائن طلاق کی قانونی حیثیت کیا ہے، اس بحث سے ہٹ کر دیکھا جائے کہ معروف شخصیات آج کل اپنی شادی اورعلیحدگی کا اعلان ایک ٹوئیٹ کے ذریعے ہی کرتے ہیں، اور اس رجحان کو سمجھنا عام عام آدمی کے بس کی بات نہیں۔
گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ انہوں نے اور ان کی پاکستانی نژاد امریکی اہلیہ فریال مخدوم نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی۔
عامر خان نے 4 اگست کو سلسلہ وار ٹوئیٹس میں اپنی اہلیہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہمیشہ کسی دوسرے مرد باکسر کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں۔
پاکستانی نژاد باکسر کا کہنا تھا کہ فریال مخدوم ان کے حریف باکسر اینتھونی جوشوا کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں، لیکن وہ ان سے جیلس نہیں، اس لیے فریال ان کے پاس اس مرد کی تصاویر نہ بھیجیں۔
یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان نے اہلیہ سے علیحدگی اختیار کر لی
عامر خان کے ایسی ٹوئٹس کا جواب فریال مخدوم نے بھی دیا، اور انہوں نے بھی سلسلہ وار ٹوئیٹس کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کا اپنا کیریئر ختم ہوگیا، اس لیے وہ دوسروں پر الزامات لگا رہے ہیں۔
بعد ازاں فریال مخدوم کے ٹوئٹر اکائونٹ سے تمام ٹوئیٹس ڈلیٹ کردیے گئے، جب کہ اس واقعے کے ایک دن بعد فریال مخدوم کے بیان سے منسوب یہ خبر سامنے آئی کہ ان کے ٹوئٹر اکائونٹس ہیک کرلیے گئے۔
جب کہ عامر خان کے نام سے منسوب خبر میں اکائونٹ ہیک کیے جانے کی بات کی تردید کی گئی۔
اس سارے معاملے کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل نے اپنی خبر میں ذرائع سے بتایا کہ اکائونٹ ہیک کیے جانے کی منصوبہ بندی فریال مخدوم نے بنائی، کیوں کہ وہ اپنی بیٹی کے مستقبل کے حوالے سے عامر خان کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں۔
اخبار نے اپنے ذرائع سے بتایا کہ عامر خان کی جانب علیحدگی کی ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد فریال مخدوم نے برطانیہ کے 2 پبلشرز اور پاکستان کے ایک انگریزی اخبار کو منصوبہ بندی کے تحت اکائونٹ ہیک کرنے کا بتایا۔
ڈیلی میل کے مطابق فریال مخدوم کے اس منصوبے کو عامر خان نے مسترد کردیا، اور کہا کہ ان کے اکائونٹ ہیک نہیں ہوئے، اور ان کا فیصلہ حتمی ہے۔
اخبار کے مطابق باکسر کی جانب سے فریال کا منصوبہ مسترد کیے جانے کے بعد انہوں نے عامر خان کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا کہ وہ انہیں ان کی بیٹی سے ملنے نہیں دیں گی۔
مزید پڑھیں: باکسر عامر خان کی نازیبا ویڈیو لیک
ذرائع کا کہنا تھا کہ فریال مخدوم نے عامر خان کی جانب سے ٹوئٹر پر کی جانے والے علیحدگی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے مذہب کا سہارا لیا، اور کہا کہ باکسر نے انہیں باقاعدہ طور پر اسلامی قوائد کے مطابق طلاق نہیں دی۔
فریال مخدوم کا کہنا تھا کہ عامر خان نے انہیں اسلامی طریقے کے مطابق تین بار طلاق نہیں دی، ساتھ ہی انہوں نے اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا کہ کہیں بنیاد پرست لوگ ان کے خلاف کوئی فتویٰ نہ جاری کردیں۔
ادھر اس سارے معاملے پر عامر خان نے مزید کوئی بیان جاری نہیں کیا، اور نہ ہی ان کے اہل خانہ اور بھائیوں کی جانب سے فریال اور عامر کے درمیان علیحدگی کی تصدیق یا تردید کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اہلیہ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد عامر خان اورابو ظہبی کی ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار گلباہور بیکناظر کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی، جس میں باکسر بڑے خوش دکھائی دے رہے ہیں، اور بظار انہیں فریال سے علیحدگی کا کوئی دکھ نہیں۔
گلباہور بیکناظر کی جانب سے اسنیپ چیٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں عامر خان اور ماڈل کو ایک گاڑی میں دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو کی ریکارڈنگ خود ماڈل نے کی۔
گلباہور بیکناظر کا شمار مشرق وسطیٰ کی ٹاپ سوشل میڈیا اسٹارز میں ہوتا ہے، ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ ویڈیو شیئر نہیں کرنا چاہتی تھیں، مگر باکسر کی فرمائش پر مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان کی بیوی سسرال کے مظالم کا شکار
مشرق وسطیٰ کی ماڈل نے واضح کیا کہ عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم کے درمیان علیحدگی میں ان کا کوئی کردار نہیں۔
خیال رہے کہ عامر خان اور فریال مخدوم نے 4 سال قبل 2013 میں شادی کی، اس سے پہلے وہ 2010 سے ایک دوسرے کے بہترین دوست تھے۔
فریال مخدوم ماڈلنگ کے شعبہ سے وابستہ رہی ہیں، ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی، دونوں کے درمیان پہلے بھی تنازعات ہوچکے ہیں، جب کہ فریال مخدوم باکسر کے اہل خانہ پر تشدد کا الزام بھی لگا چکی ہیں۔
صرف 4 سال کے عرصے کے دوران شادی، بیٹی کی پیدائش، تنازعات، ایک دوسرے پر بے وفائی کے الزامات، فریال کی جانب سے عامر کے اہل خانہ پر تشدد کے الزامات اور آخر میں فریال مخدوم کے مبینہ روابط نے بالآخر دونوں کو 4 اگست 2017 کو الگ ہونے پر مجبور کیا۔