• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’نواز شریف اپنی نااہلی کے خود ذمہ دار‘

شائع August 6, 2017

چترال: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ عام انتخابات میں نواز شریف کی پاکستان مسلم لیگ (ن) اور عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا خاتمہ کر دے گی اور بھاری اکثریت سے کامیاب ہوجائے گی۔

چترال میں جسلہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ایک فوجی آمر کی جانب سے آئین میں درج کرائی گئی شقوں کو ختم کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون نہیں کیا اور اسی غلطی کی وجہ سے نااہل قرار پائے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف آئین کی ان امتیازی اور متنازع شقوں کو دوسروں کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن خود ہی اس کا نشانہ بن گئے۔

مزید پڑھیں: 2018 میں پاکستان کا وزیراعظم بنوں گا، بلاول

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کے احتساب کا عمل مکمل نہیں ہوا، ان کی کرپشن کا دائرہ کار بہت وسیع ہے جبکہ آئندہ سال سابق وزیراعظم کی سیاست کا بھی خاتمہ ہوجائے گا کیونکہ ان کی غلطیاں عوام کے سامنے آچکی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جس کا وسیع پیمانے پر احتساب ہونا چاہیے تاکہ کرپٹ سیاست دان ملکی سیاست سے دور رہیں اور ان سے لوٹی ہوئی ملکی دولت بھی واپس لی جا سکے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام خراب حکمرانی اور کرپشن کا شکار ہیں، عمران خان صوبے کی عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں جبکہ ان کی سیاست الزامات کے گرد گھومتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی کرپشن کی نشاندہی کسی اور نے نہیں بلکہ تحریک انصاف کی اپنی خاتون رکن قومی اسمبلی نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول کا الیکشن لڑنے کا اعلان

بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ تبدیلی صرف عمران خان کے بنی گالہ کے باورچی خانے اور جہانگیر خان ترین کے ہوائی جہاز میں آئی جو صوبے میں ترقیاتی منصوبے کے لیے ہونے والے معاہدوں سے حاصل رقوم سے چل رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہوچکی ہے، 45 فیصد بجٹ ہر سال ضائع ہوجاتا ہے کیونکہ یہ بجٹ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے استعمال نہیں کیا جاسکا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے عوامی جلسے کے دوران سپریم کورٹ کے جج کے حوالے سے جو بات کہی وہ ان کی سیاست کے اختتام کا باعث بن سکتی ہے۔

بلاول زرداری نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی سیاست سے متعلق زیر التوا کیسز دوبارہ کھولے جس میں اصغر خان کیس اور ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے حوالے سے ریفرنسز شامل ہے۔


یہ خبر 6 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024