• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی

شائع July 16, 2017
ناز بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا — فوٹو: ڈان نیوز
ناز بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کراچی سے تعلق رکھنے والی اہم خاتون رہنما ناز بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تاہم یہ نعرہ لگاتے ہوئے پارٹی خود تبدیل ہوگئی اور یہ اب وہ پارٹی نہیں رہی جس کے لیے ہم نے کام کا آغاز کیا تھا۔

تحریک انصاف کی رہنما ناز بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھر لوٹ آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی بیٹی ہونے کے ناطے عمران خان کا ساتھ دیا تھا، تحریک انصاف کے لیے میری قربانیاں سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ اچھا وقت گزرا، اس لیے کیچڑ اچھالنا نہیں چاہتی۔

ناز بلوچ نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی توجہ صرف پنجاب اور مرکز پر مرکوز ہے، عمران خان چند ہی گھنٹوں کے لیے کراچی آتے ہیں اور انہیں کارکنوں سے دور رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی اور نوجوانوں کو آگئے لانے کا نعرہ لگایا لیکن آج عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہونے والے نوجوان نہیں ہیں۔

ناز بلوچ نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف میں خواتین کی رائے کو اہمیت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے اپنے والد عبداللہ بلوچ اور ذوالفقار علی بھٹو کی کئی سالہ سیاسی رفاقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کی صحیح ترجمانی کررہے ہیں، وہ اپنی والدہ کے قتل کے باوجود ملک واپس آئے اور پارٹی کی قیادت سنبھالی۔

اس سے قبل ناز بلوچ کی پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ میڈیا کو بتایا کہ ان کی شمولیت سے کراچی میں پی پی پی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ ناز بلوچ تحریک انصاف میں مرکزی نائب صدر کے عہدے پر موجود تھیں اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم دیکھ رہی تھیں۔

ناز بلوچ نے 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 میں پی ٹی آئی کی جانب سے بحیثیت اُمیدوار حصہ لیا تھا تاہم انہیں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سہیل منصور خواجہ کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024