• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’پاکستان نے نہ صرف میچ جیتا،بلکہ شاندار طریقے سے جیتا‘

شائع June 18, 2017 اپ ڈیٹ June 23, 2017
ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی تھی—فوٹو: رائٹرز
ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی تھی—فوٹو: رائٹرز

چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں اپنی حریف ٹیم سے بدترین شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم نے ایونٹ کے فائنل میں اسی ہی ٹیم سے شاندار فتح حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے حیران کن کارکردگی دکھانےسے متعلق تو کرکٹ تجزیہ کاروں نے پہلے ہی اشارے دے دئیے تھے، مگر ساتھ ہی بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی فائنل سے قبل اپنی حریف ٹیم کی کارگرگی پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا تھا۔

چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان حریف ٹیم بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پہلی بار اس ایونٹ کا چیمپیئن بنا، جس پر ملک بھر میں خوشی اور جشن کا سماں ہے۔

پاکستانی ٹیم کی جیت پر وزیراعظم نواز شریف سمیت اعلیٰ شخصیات نے ٹیم اور قوم کو مبارک باد پیش کی۔

مریم نواز نے وزیر اعظم پاکستان کا ویڈیو پیغام ٹوئیٹ کیا، جس میں انہوں نے جیت پر قوم اور ٹیم کو مبارک دی، اسی ویڈیو پیغام کو بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے بھی ٹیم کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے گرین شرٹس کو مبارک باد دی، اور ساتھ ہی انہوں نے فخر زمان کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی کئی ٹوئیٹس کرکے پاکستانی ٹیم کو پاک فوج اور آرمی چیف کی جانب سے مبارکباد دی اور آرمی چیف کی جانب سے پوری ٹیم کے لیے عمرے کے انعام کا اعلان کیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے بھی پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر قوم کو مبارک دی، اور کہا ہمیں اپنے پیارے ہیروز پر فخر ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے ٹوئیٹ کی کہ پاکستان نے نہ صرف میچ جیتا، بلکہ انہوں نے بھارت کو 100 سے زائد رنز سے شکست بھی دی۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰں نے بھی پاکستان کی جیت پر خوشی اور پاکستان زندہ باد کی ٹوئیٹ کی۔

فاطمہ بھٹو نے جیت پر پاکستانی ٹیم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے گرین شرٹس کو خوبصورت ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کھلاڑیوں نے فتح کی امیدوں کو پورا کیا۔

انہوں نے کرکٹ میچ پر سلسلہ وار ٹوئیٹس کیں، جن میں انہوں نے کھلاڑیوں کی تعریف بھی کی، جب کہ فاطمہ بھٹو نے حسن علی کی کارکردگی کو کلاسک قرار دیا۔

سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے بھی جیت پر ٹیم کو مبارک باد دی، انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں کہا کہ اگر وہ یہ کہیں کہ بھارتی ٹیم نے اچھا کھیلا تو یہ جھوٹ ہوگا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے بھی قومی ٹیم کی جیت پر مبارک باد پیش کی۔

ادھر پاکستانی ٹیم کی جیت اور بھارتی ٹیم کی شکست پر بھارت میں بھی کئی شخصیات نے ٹوئیٹس کیں۔

سب سے قابل ذکر بولی وڈ اداکار رشی کپور ہیں، جنہوں نے میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کو للکارا تھا، مگر اس بار انہوں نے اپنی شکست کو تسلیم کیا۔

رشی کپور نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ پاکستان آپ نے ہمیں شکست دی۔ آپ بہت اچھا کھیلے۔ ہمیں تمام شعبوں میں مات دی۔ بہت مبارک ہو۔ میں ہار مانتا ہوں۔

سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ جو متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں کا حصہ بنتے ہیں، نے بھی پاکستان کو مبارکباد دی۔

ٹیم کی شکست پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، بھارتی وزیر خارجہ سوشما سوراج اور دیگر سیاستدانوں نے فوری طور پر کوئی ٹوئیٹ نہیں کی، جب کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کی جیت پر فوری ٹوئیٹ کرتے رہے ہیں۔

راہول گاندھی نے کرکٹ کے بجائے اس بار ہاکی کا انتخاب کیا، اور انہوں نے ہاکی میچ میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو شکست دئیے جانے کی مبارک باد پیش کی۔

اور تو اور اس بار بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا جو پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہیں، انہوں نے بھی دلچسپ ٹوئیٹ کی۔

انہیں شاید سمجھ نہیں آیا کہ وہ اس موقع پر اپنے سسرال کے ملک کی ٹیم کا ساتھ دیں، یا پھر اپنے میکے کی ٹیم کو سپورٹ کریں۔

ثانیہ مرزا نے اس مسئلے کا حل یہ نکالا کہ انہوں نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم اور بھارت کی ہاکی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

ثانیہ مرزا نے ٹوئیٹ کی کہ بھارت کرکٹ ہار گیا، لیکن ہاکی جیت گیا۔

شکست کے اس موقع پر بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ٹیم کی سپورٹ میں ٹوئیٹ کی۔

انہوں نے اپنی ہاری ہوئی ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم قرار دیا، اور کھلاڑیوں کو کہا کہ انہوں نے مشکل ٹورنامنٹ میں لڑائی لڑی۔

بولی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو جیت کی مبارک پیش کیِ، ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے بھی اچھے جذبات کا اظہار کیا۔

ادھر ٹیم کی جیت پر پاکستانی اداکاروں نے بھی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

اداکار علی ظفر نے طیفا ان ٹربل کی ٹیم کے ساتھ ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی جیت پر قوم اور ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

گلوکارہ قرعت العین بلوچ نے بھی قومی ٹیم کی جیت پر ٹوئیٹ کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024