• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بنگلہ دیش کو شکست، فائنل میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ

شائع June 15, 2017
کیدر جادھو نے درمیانی اوورز میں ہندوستانی ٹیم کو دو اہم کامیابی دلائی— فوٹو: اے ایف پی
کیدر جادھو نے درمیانی اوورز میں ہندوستانی ٹیم کو دو اہم کامیابی دلائی— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں باآسانی نو وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ پاکستان سے ہو گا۔

ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور ایک کے اسکور پر سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ صابر رحمان بھی 31 کے مجموعی پر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اس کے بعد مشفیق الرحیم اور تمیم اقبال نے عمدہ بیٹںگ کا مظاہرہ کیا اور 123 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

154 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 70 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے لیکن بنگلہ دیش کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب تجربہ کار شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

179 رنز پر پانچ وکٹیں لینے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے بہترین انداز میں میچ میں واپسی کی اور بنگلہ دیشی ٹیم اس کے بعد کھل کر بیٹنگ نہ کر سکی۔

جسپریت براہ نے محموداللہ اور مصدق حسین کو پویلین چلتا کیا تو بڑے اسکور کی امیدیں دم توڑ گئیں لیکن اختتامی اوورز میں مشرفی مرتضیٰ نے چند بڑے شاٹس لگا کر اپنی ٹیم کو 264 کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار اور کیدر جادھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 87 رنزکا عمدہ آغاز فراہم کر کے ہدف تک رسائی مزید آسان بنا دی۔ شیکھر دھاون 46 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

لیکن پہلی وکٹ گرنے کے بعد بنگلہ دیش کیلئے وکٹ کا حصول ناممکن بن گیا اور کپتان ویرات کوہلی نے روہت شرما کے ساتھ مل کر ناقابل شکست 178 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو نو وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کرا دیا۔

ہندوستان کی جانب سے ویرات کوہلی نے 96 اور روہت شرما نے 123 رنز کی اننگز کھیلی۔

اتوار کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہو گا۔

انگلینڈ اور ویلز میں جاری ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں برمنگھم میں ایجبسٹن کے مقام پر بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔

دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا مقابلہ فائنل میں 18 جون کو اوول گراؤنڈ میں پاکستان سے ہوگا۔

پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم انگلینڈ کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

بھارتی ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما، شیکھر دھوان، یوراج سنگھ، مہیندر سنگھ دھونی، کیدار جادھو، ہاردیک پانڈیا، رویندر جدیجہ، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

بنگلہ دیش ٹیم کی قیادت مشرفی مرتضٰی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، سومیا سرکار، سبیر رحمٰن، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، محمود اللہ، مصدق حسین، روبیل حسین، تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024