پاکستان نے بدترین ریکارڈ اسٹوکس کے نام کردیا
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بہترین نظم و ضبط کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 211 رنز پر پویلین لوٹا کر فائنل تک رسائی کے امکانات روشن کر لیے ہیں۔
اننگز کے دوران پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے ٹرمپ کارڈ بین اسٹوکس کو باندھے رکھا اور ایک بدترین ریکارڈ ان کے نام سے منسوب کردیا۔
انگلش اننگز کے دوران بین اسٹوکس نے 34 رنز بنانے کیلئے 64 گیندوں کا سہارا لیا اور اس دوران وہ بھی باؤنڈری نہ مار سکے۔ یہ چیمپیئنز ٹرافی کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی نے ایک اننگز کے دوران اتنی زیادہ گیندیں کھیلی ہوں اور اس نے ایک بھی گیند پر باؤنڈری نہ ماری ہو۔
اس کے علاوہ پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انگلش بلے باز پورے 50 اوورز کے دوران صرف 15 چوکے لگا سکے اور اس دوران انہوں نے ایک بھی چھکا نہیں مارا۔
یہ 2015 ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع ہے کہ انگلش ٹیم نے اپنی مکمل اننگز کے دوران اتنے کم رنز بنائے ہوں جبکہ اس عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے کسی اننگز میں 25 اوورز سے زائد بیٹنگ کی ہو اور ایک بھی چھکا نہ لگایا ہو۔
تبصرے (1) بند ہیں