• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

فیورٹ انگلینڈ باہر، پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں

شائع June 14, 2017
انگلش کپتان آئن مورگن کپتان کو آؤٹ کرنے کے جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
انگلش کپتان آئن مورگن کپتان کو آؤٹ کرنے کے جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے باؤلرز اور اوپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں فیورٹ انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو 34 رنز کے اسکور پر انگلینڈ کا پہلا کھلاڑی آؤٹ ہوا جب ایلکس ہیلز 13 رنز اسکور کرنے کے بعد رومان رئیس کا شکار بنے، یہ پہلا میچ کھیلنے والے رومان کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی وکٹ تھی۔

اس کے بعد جونی بیئرسٹو اور جو روٹ نے اسکور کو 80 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر وہ 43 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کو کیچ دے بیٹھے۔

روٹ اور کپتان آئن مورگن نے تیسری وکٹ کیلئے 48 رنز جوڑے ہی تھے کہ شاداب نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 46 رنز بنانے والے روٹ کو پویلین چلتا کردیا۔

اس موقع پر پاکستانی باؤرز نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سبب انگلش ٹیم یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتی رہی انتہائی کوشش کے باوجود بھی سنبھلنے میں ناکام رہی۔

مورگن 33، اسٹوکس 34، معین علی 11، جوز بٹلر چار، عادل راشد سات، لیام پلنکٹ نو اور مارک وڈ تین رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

محمد عامر کی غیر موجودگی میں بھی پاکستانی باؤلرز نے عمدہ کھیل پیش کیا اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی موقع پر انگلش ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جنید خان اور رومان رئیس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر فخر زمان اور اظہر علی نے قومی ٹیم کو 118 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔ فخر زمان 57 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ سے اظہر نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور وہ 76 رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور محمد حفیظ نے مزید کسی نقصان کے بغیر پاکستانی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر آٹھ وکت سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی کو شکست دے دی۔

محمد حفیظ 31 اور بابراعظم 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

حسن علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل انگلینڈ اور ویلز میں جاری چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ اور ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔

محمد عامر کمر کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا گیا جو اپنے کریئر کا پہلا بین الاقوامی ایک روزہ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ گذشتہ میچ میں ڈیبیو کرنے والے فہیم اشرف کی جگہ شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، حسن علی، جنید خان، رومان رئیس اور شاداب خان شامل ہیں۔

انگلینڈ ٹیم کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جونی بیئرسٹو، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جوز بٹلر، معین علی، عادل رشید، مارک ووڈ، بین اسٹوکس، لیام پلنکیٹ اور جیک بال شامل ہیں۔

سری لنکا کو شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ ٹیم کا مورال بہت بلند ہے اور وہ پر اعتماد طریقے سے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے گذشتہ 12 ایک روزہ میچوں کے مقابلوں پر نظر ڈالی جائے تو انگلش کرکٹ ٹیم کو واضح برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف گذشتہ 12 میچوں میں سے 11 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان ایک ہی میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں انگلینڈ اب تک نا قابل شکست رہی ہے، جس نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دی تھی اور دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 97 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ تیسرے میچ میں آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

پاکستان ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 124 رنز کی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کے بعد اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 19 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ تیسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024