• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’پاکستانی بیٹنگ لائن کی خامیاں کھل کر سامنے آ گئیں‘

شائع June 13, 2017
کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ وہ کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر نیا لائحہ عمل بنائیں گے— فوٹو: رائٹرز
کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ وہ کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر نیا لائحہ عمل بنائیں گے— فوٹو: رائٹرز

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے تسلیم کیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں پاکستان کے مڈل آرڈر کی خامیاں کھل کر سامنے آ گئیں۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارے مڈل آرڈر کی خامیاں کسی حد تک کھل کر سامنے آ گئی ہیں اور میں اس سلسلے میں کل سرفراز سے ملاقات کر کے فیصلہ کروں گا۔

انہوں نے اگلے میچ کیلئے قومی ٹیم کی منصوبہ بندی میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ہم انگلینڈ کے خلاف ایونٹ کے سیمی فائنل میں شعیب ملک اور سرفراز احمد کو بیٹنگ آرڈر میں تھوڑا اوپر کھلائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض اوقات جذباتی طور پر بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ ہم زیادہ سے زیادہ مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھاتے ہوئے ہر شعبے میں بہتر کارکردگی کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں مستقل اس سلسلے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

البتہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے محمد حفیظ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ناقابل بھروسہ ٹیم ہونا ہی بعض اوقات ہماری سب سے بڑی قوت بن جاتا ہے، ہم نے کھلاڑیوں کو ان کے کردار سے آگاہ کر دیا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے۔

تاہم انہوں نے اس بات کا ادراک بھی کیا کہ اس کی وجہ سے ہم اکثر اوقات اپنے لیے مشکلات کھڑی کر لیتے ہیں اور گزشتہ روز میں ہم کئی مواقعوں پر کمزور پر گئے تھے لیکن کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور ہم بحیثیت ٹیم ابھر رہے ہیں۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ جب آپ بری طریقے سے جیتتے ہیں تو کئی چیزیں سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف آخری گروپ میچ میں باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو 236 رنز تک محدود کردیا تھا لیکن آسان ہدف کے تعاقب میں بہترین آغاز کے باوجود پاکستانی ٹیم 162 رنز پر سات وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی ناقص فیلڈنگ اور کپتان سرفراز کی محمد عامر کے ساتھ ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہی۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم بدھ کو انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024