• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہاشم آملا نے سلیم ملک اور جدیجا نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

شائع June 12, 2017 اپ ڈیٹ June 13, 2017

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران ہاشم آملا نے پاکستانی بلے باز سلیم ملک کے رنز کا ریکارڈ توڑ دیا جبکہ بھارتی کھلاڑی رویندر جدیجا نے اپنے ہم وطن کھلاڑی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کیا۔

پاکستانی سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس پاکستان (اے پی پی) کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملا نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق پاکستانی بلے باز سلیم ملک کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ہاشم آملا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں بھارت کے خلاف میچ میں 35 رنز بنا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔

مزید پڑھیں: کیا آپ نے یونس خان کا ریکارڈ دیکھا ہے؟

پاکستانی بلے باز سلیم ملک نے 283 ایک روزہ میچوں میں 5 سینچریوں اور 47 نصف سینچریوں کی بدولت 7170 رنز بنائے تھے جبکہ ہاشم آملا 25 سینچریوں اور 33 نصف سینچریوں کی بدولت محض 156 میچوں میں 7186 رنز بنا کر سلیم ملک سے آگے نکل گئے۔

خیال رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 463 میچوں میں 44.83 کی اوسط کے ساتھ 49 سینچریوں اور 96 نصف سینچریوں کی مدد سے 18426 رنز بنائے ہیں۔

دوسری جانب اسی میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے اسپنر رویندر جدیجا نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق ہم وطن کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی وکٹوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

جدیجا نے انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ایک وکٹ لے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوہلی نے سر ڈان بریڈ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

سچن ٹنڈولکر نے 463 ایک روزہ میچوں میں 154 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ جدیجا نے 132 مقابلوں میں 154 وکٹیں حاصل کر لیں۔

اس طرح جدیجا ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے مشترکہ طور پر 11 ویں بھارتی باؤلر بن گئے۔

انیل کمبلے کو بھارت کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے جن کی وکٹوں کی تعداد 337 ہے۔

یاد رہے کہ ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز سری لنکا کے جادوگر اسپنر مرلی دھرن کے پاس ہے جنہوں نے 350 ایک روزہ میچوں میں 534 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر 502 وکٹوں کے ساتھ پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اور 416 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے تیز رفتار باؤلر وقار یونس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024