• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

چیمپیئنز ٹرافی: 'پاکستان کو کمزور سمجھنا بڑی غلطی ہوگی'

شائع June 9, 2017

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پاکستانی ٹیم نے ثابت کیا کہ وہ دنیا کی سب سے غیرمتوقع ٹیم ہے جبکہ سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔

بھارت کے خلاف میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 124 رنز سے شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے خلاف یکسر مختلف روپ میں نظر آئی اور بارش سے متاثرہ میچ میں 19 رنز سے کامیابی حاصل کرکے حریف ٹیم کو اَپ سیٹ شکست دی۔

مستقل مزاجی کبھی بھی پاکستانی ٹیم کا طرہ امتیاز نہیں رہی لیکن شاہد آفریدی کو امید ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کو شکست دے دی

شاہد آفریدی نے کہا کہ 'پاکستان کو اس طرح کھیلتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگا، میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستان کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر نہیں کیا جا سکتا، آج کی فتح کی بدولت یہ ٹیم ٹورنامنٹ میں کچھ انوکھا کر سکتی ہے، پاکستان کو کمزور سمجھنا بڑی غلطی ہو گی'۔

سابق کپتان نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے 23 سالہ فاسٹ باؤلر حسن علی کی باؤلنگ کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ حالیہ عرصے میں کسی پاکستانی فاسٹ باؤلر نے فتح گر کارکردگی کب دکھائی تھی اور یہی وجہ ہے کہ حسن کی تین وکٹوں کی کارکردگی سے میں بہت خوش ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی سے بھارت یا جنوبی افریقہ کا اخراج یقینی

واضح رہے کہ میچ میں اسپنرز کے شاندار اسپیل کے بعد حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر جنوبی افریقی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی تھی۔

آفریدی نے کہا کہ حسن کے پاس مناسب رفتار ہے اور وہ گیند کو سیم کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل کنٹرول کے ساتھ ریورس سوئنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

پاکستان ایونٹ میں اپنا اگلا میچ سری لنکا کے خلاف پیر (12 جون) کو کارڈف میں کھیلے گا جو کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور فاتح ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024