چیمپیئنز ٹرافی سے بھارت یا جنوبی افریقہ کا اخراج یقینی
چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے ہاتھوں ایونٹ کی فیورٹ بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد گروپ بی میں انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور چاروں ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکتی ہیں۔
گروپ بی میں پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف فتح کے بعد بھارت سمیت ان تینوں ٹیموں کے یکساں دو پوائنٹس ہو گئے تھے لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر موجود تھا۔
لیکن آج سری لنکا کی بھارت کے خلاف غیریقینی فتح کی بدولت چاروں ٹیموں کے یکساں دو پوائنٹس ہو گئے ہیں اور اب یہ چاروں ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا سکتی ہیں۔
گروپ بی کے اگلے دونوں میچز اب کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں اور بقیہ دونوں میچوں کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل کی حقدار قرار پائیں گی اور اس لحاظ سے ایونٹ کیلئے فیورٹ قرار پانے والی بھارت اور جنوبی افریقہ میں سے کوئی ایک ٹیم چیمپیئنز ٹرافی سے باہر جائے گی۔
پاکستان کو ایونٹ کے اگلے راؤنڈ میں رسائی کیلئے ہر حال میں سری لنکا کو شکست دینا ہو گی۔
گروپ بی میں اگلا میچ جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان اوول کے میدان میں اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ پیر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں صوفیہ گارڈنز کارڈف میں مدمقابل ہوں گی۔