• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان نے عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کو شکست دے دی

شائع June 7, 2017 اپ ڈیٹ June 8, 2017
پاکستانی کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز کی وکٹ گرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے—فوٹو: رائٹرز
پاکستانی کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز کی وکٹ گرنے کے بعد جشن مناتے ہوئے—فوٹو: رائٹرز

برمنگھم: عالمی نمبر آٹھ پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 19 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔

یہ پاکستان کی ایونٹ میں آٹھ سال بعد پہلی کامیابی ہے جس کی بدولت گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں بھی برقرار رکھیں۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ہاشم آملا اور کوئنٹن ڈی کوک نے پروٹیز کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، عماد وسیم نے ہاشم آملا کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

فاف ڈیو پلیسی اور ڈی کوک نے اسکور 60 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد حفیظ نے 33 رنز بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں ڈی ویلیئرز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔

مزید پڑھیں: فخر زمان نے سابق عظیم کپتانوں کو اپنا مداح بنا لیا

تین وکٹیں گرنے کے بعد ڈیوڈ ملر اور ڈیو پلیسی نے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا لیکن اسکور 90 تک پہنچا ہی تھا کہ سرفراز احمد نے حسن علی کو باؤلنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے ڈیو پلیسی کی وکٹیں بکھیر کر کپتان کا اعتماد درست ثابت کیا۔

جنوبی افریقی بلے باز وین پارنیل کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز
جنوبی افریقی بلے باز وین پارنیل کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: رائٹرز

جین پال ڈومینی اور ملر نے ٹیم سنبھالا دینے کی کوشش لیکن حسن نے ڈومینی اور پھر پہلی ہی گیند پر وین پارنیل کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو چھٹا نقصان پہنچایا۔

118 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم مشکلات میں گھری نظر آتی تھی لیکن اس موقع پر ڈیوڈ ملر نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کا بیڑا اٹھایا۔

انہوں نے 28 رنز بنانے والے مورس کے ہمراہ ساتویں وکٹ کیلئے 47 رنز کی شراکت قائم کی لیکن جنید خان نے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے ملر نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی جس کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 219 رنز بنانے میں کامیاب رہی، ملر نے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو پہلا میچ کھیلنے والے فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 31 رنز بنا کر جنوبی افریقی باؤلرز کی خوب خبر لی۔

وین پارنیل کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے پر حسن علی روایتی انداز میں جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
وین پارنیل کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے پر حسن علی روایتی انداز میں جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ کی طرح پاکستانی اوپنرز نے بھی ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ مورنے مورکل نے ایک ہی اوور میں فخر اور اظہر کو آؤٹ کر کے پاکستان کو یکے بعد دیگرے دو نقصان پہنچائے۔

یہ بھی پڑھیں: اے بی ڈی ویلیئرز کے ساتھ ایسا کیریئر میں پہلی مرتبہ ہوا

ابتدائی نقصان کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے انتہائی محتاط انداز اپنایا جس کے سبب رن ریٹ بہت زیادہ گر گیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 94 گیندوں پر 52 رنز کی شراکت قائم کی اور اس خطرناک ثابت ہوتی شراکت کو توڑنے کیلئے جنوبی افریقی کپتان ایک مرتبہ پھر مورنے کورکل کو باؤلنگ کیلئے لائے جنہوں نے یہ فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے حفیظ کو چلتا کردیا جنہوں نے 26 رنز بنانے کیلئے 53 گیندیں کھیلیں۔

اس کے بعد شعیب ملک اور بابر اعظم نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور ابھی اسکور 119 تک ہی پہنچایا ہی تھا کہ بارش کے سبب کھیل روک دیا گیا۔

اس کے بعد مستقل جاری بارش کے سبب کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پروٹیز کو 19 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں بھی برقرار رکھیں۔

یہ پاکستان کی چیمپیئنز ٹرافی میں آٹھ سال بعد پہلی کامیابی ہے جہاں اس نے آخری مرتبہ 2009 کے ایونٹ میں کوئی میچ جیتا تھا اور ایونٹ کے گزشتہ چھ مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

شعیب ملک نے ڈیبیو کرنے والے فخر زمان کو کیپ پیش کی—
شعیب ملک نے ڈیبیو کرنے والے فخر زمان کو کیپ پیش کی—

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے جنید خان اور فخر زمان کو فائنل الیون کا حصہ بنایا۔

تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں گروپ بی کی ٹیمیں پاکستان اور جنوبی افریقہ مد مقابل ہیں جبکہ دونوں ہی ٹیمیں ایونٹ میں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی میں جنوبی افریقہ نے اپنا پہلا میچ سری لنکا کے خاف کھیلا تھا جہاں اس نے با آسانی 96 رنز سے فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے تھے۔

پاکستان کا ایونٹ میں پہلا مقابلہ بھارت سے تھا جہاں قومی ٹیم کو 124 رنز کی عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم 2009 کے ایونٹ سے اب تک آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی میں مسلسل چھ مرتبہ شکست کا سامنا کر چکی ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی ہی پاکستان کی سیمی فائنل میں جانے کی امید کو برقرار رکھ سکتی ہے جبکہ شکست کی صورت میں پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔

پاکستان ٹیم نے کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد عامر، فخر زمان، اظہر علی، جنید خان، شاداب خان، بابر اعظم، عماد وسیم اور حسن علی شامل ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت اے بی ڈویلیئرز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کوک، فاف ڈوپلیسی، عمران طاہر، وین پارنیل، ڈیوڈ ملر، مورنی مورکل، کرس مورس، جین پال ڈومینی اور کگیسو ربادا شامل ہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

الیاس انصاری Jun 08, 2017 10:34am
پاکستان نہیں بارش نے ساؤتھ افریقہ کو شکست دی ہے
فریدمانوس Jun 08, 2017 11:05am
ویلڈن پاکستان
فریدمانوس Jun 08, 2017 11:34am
پاکستان زندہ آباد

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024