• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک بھارت سیریز پر کوہلی نے چپ کا روزہ توڑ دیا

شائع June 5, 2017 اپ ڈیٹ June 8, 2017
ویرات کوہلی نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ پاک-بھارت سیریز پر کوئی رائے نہیں رکھتے— فوٹو: رائٹرز
ویرات کوہلی نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ پاک-بھارت سیریز پر کوئی رائے نہیں رکھتے— فوٹو: رائٹرز

پاکستان بھارت کے درمیان مقابلے ایک عرصے سے یکطرفہ ثابت ہوئے ہیں لیکن ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اب بھی روایتی حریفوں کے درمیان مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ روز ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 124 رنز سے شکست دے دی تھی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی ہو بلکہ گزشتہ تین سال سے پاکستانی ٹیم ہندوستان سے کوئی میچ نہیں جیت سکی اور اس دوران تمام ہی میچوں میں پاکستان کو بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

ہندوستان کے کپتان کوہلی ان یکطرفہ مقابلوں کے باوجود پاکستان سے میچ کھیل کر لطف اندوز ہوتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس طرح کے مزید مقابلوں میں بھی حصہ لینے میں کوئی عار محسوس نہیں کریں گے۔

لیکن جب ان سے پاکستان سے دوطرفہ سیریز کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ سیریز کے دوبارہ آغاز کے بارے میں وہ کوئی رائے نہیں رکھتے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007 کے بعد سے کوئی باقاعدہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور تسلسل سے میچز نہ ہونے کی وجہ سے آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے میچز کی اہمیت بڑھ جاتی ہے جس کی واضح دلیل ایجبسٹن کا میچ ہے جس کے تمام ٹکٹ ایک ماہ قبل ہی فروخت ہو گئے تھے۔

پاکستان سے دوطرفہ سیریز کے سوال پر کوہلی نے کہا کہ میں ان فیصلوں کے بارے میں بات کرنے کا مجاز نہیں، یہ مجھ سے اعلیٰ آفیشلز کے کرنے کے فیصلے ہیں، میری رائے سے فرق نہیں پڑتا اور پڑنا بھی نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت کھلاڑی میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے اور میں ہمیشہ پاکستان کے خلاف بھی ایسا ہی کرتا ہوں۔ اس بات سے قطع نظر کہ ہم کس سے کھیل رہے ہیں، ہم صرف کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ ہمارے لیے یہ بالآخر ایک ایسا کھیل ہے جس سے ہم محبت کرتے ہیں۔ کسی حریف کیلئے ہماری ترجیحات نہیں ہیں، میں اس بارے میں صرف یہی کہہ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے، ان سے میچ کے دوران ماحول بہت اچھا ہوتا ہے، بحیثیت کرکٹر ہم اس میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں، میں اس بارے میں بس یہی کہہ سکتا ہوں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Imran Jun 06, 2017 09:58am
بڑے افسوس کی بات ہے حال ہی میں ہونے والے میچ میں کوہلی واضح طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کو گالیاں نکالتا رہا ۔ اور ہمارا بی سی بی میں اتنی بھی شرم نہیں کہ اس کے خلاف آئی سی سی میں شکایت کر سکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024