’پاکستانیوں پر 90 دن کے ویزے پر پابندی کی خبریں جھوٹ ہیں‘
اسلام آباد: متحدہ عرب امارت کے پاکستان میں قائم سفارتخانے نے پاکستانیوں پر 90 دن کے ویزے پر پابندی کی خبروں کو جھوٹ اور من گھرٹ قرار دے دیا۔
متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے دفتر خارجہ کو پیغام میں لکھا کہ پاکستایوں پر 90 دن کے ویزے پر پابندی کے حوالے سے خبریں بےبنیاد اور من گھڑت ہیں۔
پیغام میں لکھا گیا کہ پاکستانیوں پر کسی قسم کے ویزے کی کٹیگری پر پابندی نہیں لگائی گئی، یہ خبریں پاکستان سے ہی پھیلائی جا رہی ہیں جن کی تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
قبل ازیں ایک مقامی ٹریول ایجنٹ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ دبئی امیگریشن حکام نے پاکستانی اور فلپائنی شہریوں کے لیے 3 ماہ کے وِزٹ ویزے کے اجرا کو روک دیا ہے۔
ٹریول ایجنٹ نور محمد نے کہا کہ ’ہمیں ہدایت کی گئی ہے کہ یکم جون سے 3 ماہ کے لیے ویزا درخواستیں مسترد کردیں، تاہم یکم جون سے پہلے جن ٹریول ایجنٹس نے درخواستیں جمع کرائی تھیں ان پر کارروائی کا عمل جاری ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اس قسم کے ویزے پر پابندی عائد کی ہے، ماضی میں بھی اسی طرح کی پابندی رمضان کے دوران لگائی گئی تھی۔