• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بارش کے سبب آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کا میچ منسوخ

شائع June 2, 2017
نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو آؤٹ کرنے پر جوش ہیزل وڈ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز
نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کو آؤٹ کرنے پر جوش ہیزل وڈ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

چیمپیئنز ٹرافی میں بارش نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ارمان بہا لے گئی اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل کے 22 رنز کی بدولت اوپنرز نے انی ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

گپٹل کے پویلین لوٹنے کے کچھ دیر میچ میں بارش نے مداخلت کر دی جس کے سبب ڈیڑھ گھنٹے سے زائد کھیل ممکن نہ ہو سکا اور جب میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسے 46 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔

بارش رکنے کے بعد لیوک رونچی نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن اس سے قبل کہ وہ مزید مشکلات کا سبب بنتے جان ہیسٹنگز نے 43 گیندوں پر 65 رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن کا ساتھ نبھانے روس ٹیلر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 99 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا، روس ٹیلر بھی 46 رنز بنانے کے بعد ہیسٹنگز کی وکٹ بنے۔

ولیمسن نے تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز
ولیمسن نے تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے— فوٹو: رائٹرز

کین ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں نویں سنچری مکمل کی لیکن سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی وہ رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

جب ولیمسن آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ نے 39 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 254 رنز بنائے تھے اور نیچے جارح مزاج بلے بازوں کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم باآسانی 320 سے 330 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن جوز ہیزل وڈ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45ویں اوور میں پوری کیوی ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔

نیوزی لینڈ نے صرف 37 رنز کے اجافے سے اخری سات وکٹیں گنوائیں اور پوری ٹیم 291 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

جوش ہیزل وڈ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی میچ میں ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کر دی اور کافی دیر کا کھیل ضائع ہونے کے سبب آسٹریلین اننگز کو 33 اوورز تک محدود کر کے انہیں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 235 رنز کا مشکل ہدف ملا۔

آسٹریلیا کی ٹیم اننگز کے آغاز سے مشکلات سے دوچار رہی اور 35 کے مجموعے تک دونوں اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ پویلین لوٹ چکے تھے۔

اسٹیون اسمتھ اور موئسز ہیریکس نے اسکور کو 53 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ ایڈم ملنے نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ہینریکس کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تیسری وکٹ گرنے کے ساتھ ہی بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی اور موسلا دھار بارش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا جس کے سبب امپائر نے دونوں کپتانوں سے مشاور کے بعد میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ مل گیا۔

ایونٹ میں کل جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024