تمیم کی سنچری رائیگاں، افتتاحی میچ میں انگلینڈ فاتح

شائع June 1, 2017
جو روٹ نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 133 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز
جو روٹ نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 133 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

اوول: انگلینڈ نے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو باآسانی آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔

اوول میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے بنگلہ دیشی اوپنرز نے غلط ثابت کر دکھایا۔

انگلینڈ کو ابتدا میں ہی اس وقت دھچکا لگا جب کرس ووکس انجری کے سبب صرف دو اوورز کرانے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے۔

تمیم اور سومیا سرکار نے اپنی ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا جس میں سومیا کا حصہ 28 رنز کا رہا جبکہ اسکور 95 تک پہنچا تو لیام پلنکٹ نے المرلاقیس کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس موقع پر تمیم کا ساتھ نبھانے مشفیق الرحیم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 166 رنز کی شراکت قائم کی جو ایشیا سے بہر بنگلہ دیش کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت ہے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب پلنکٹ نے تین چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 128 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے تمیم کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور پھر اگلی ہی گیند پر 79 رنز بنانے والے مشفیق کو بھی چلتا کردیا۔

تمیم اقبال نے ون ڈے میں اپنی نویں سنچری مکمل کی— فوٹو: رائٹرز
تمیم اقبال نے ون ڈے میں اپنی نویں سنچری مکمل کی— فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیشی ٹیم توقعات کے برعکس اختتامی اوورز میں زیادہ تیز رفتاری سے رنز بنانے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 305 رنز بنا سکی۔

یہ بنگلہ دیش کا ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور جیسن رائے صرف ایک رن بنانے کے بعد کپتان مشرفی مرتضیٰ کی وکٹ بن گئے۔

لیکن اس کے بعد ایلکس ہیلز اور جو روٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 159 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر بھی گامزن کیا۔

ہیلز 86 گیندوں پر دو چھکوں اور 11 چوکوں سے مزین 95 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

روٹ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آئند مورگن کے ساتھ ناقابل شکست 143 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹ کی فتح ہمکنار کرا دیا۔

میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ کے کپتان آئند مورگن اور جو روٹ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز
میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ کے کپتان آئند مورگن اور جو روٹ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز

مین آف دی میچ روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مورگن نے 61 گیندوں پر 75 رنز کی باری کھیلی۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ کل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

انگلینڈ کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں جو روٹ، ایلکس ہیلز، جیسن رائے، بین اسٹوکس، جوس بٹلر، معین علی، کرس ووکس، لیام پلنکیٹ، مارک ووڈ اور جیک بال شامل ہیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت مشرفی مرتضیٰ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال، سومیا سرکار، امرالکیس، شکیب الحسن، مشفق الرحیم، سبیر رحمٰن، محمود اللہ، مصدق حسین، مستفیض الرحمٰن اور رابیل حسین شامل ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024