• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان، آسٹریلیا کا وارم اپ میچ بارش کی نذر

شائع May 29, 2017 اپ ڈیٹ May 31, 2017

برمنگھم: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان وارم اپ میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم کردیا گیا۔

برمنگھم میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے اور بارش کے سبب میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 34 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

ڈیوڈ وارنر نے اننگز کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر اپنے خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن محمد عامر نے 11 رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ میں سنچری بنانے والے ایرون فنچ ایک مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے کے موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور کو 57 تک پہنچایا ہی تھا کہ بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی۔

بارش کی شدت کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائر نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا، فنچ نے 36 اور اسمتھ نے آٹھ رنز بنائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے اسی میدان میں کھیلے گئے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 2 وکٹوں سے ناقابل یقین فتح حاصل کی تھی جس میں نوجوان کھلاڑی فہیم اشرف نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد برق رفتار 64 رنز بنا کر گرین شرٹس کو کامیاب بنایا تھا۔

آسٹریلیا نے لندن میں اوول کے میدان پر کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹ سے شکست دی تھی۔

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے آٹھویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز یکم جون کو میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہوگا جو 18 جون تک جاری رہے گا جس میں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: یونس پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے پُرامید

اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف 4 جون کو برمنگھم میں کھیلے گا۔

گذشتہ روز پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے ساتھ ہونے والے میچ کو پاکستان کے لیے سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم کی توجہ وارم اپ میچوں میں متحد ہوکر کھیلنے اور بہترین کارکردگی دکھانے دینے پر مرکوز ہے۔

پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔

پاکستان 7 جون کو برمنگھم ہی کے میدان میں جنوبی افریقہ کا مدمقابل ہوگا جبکہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کا میچ 12 جون کو کارڈف میں ہوگا۔

سیمی فائنل میں با آسانی رسائی کے لیے پاکستان کو 3 میں سے کم از کم 2 میچوں میں جیتنا لازم ہوگا۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024