• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

چیمپیئنز ٹرافی جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دیں گے، سرفراز

شائع May 26, 2017 اپ ڈیٹ May 31, 2017

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور ایونٹ جیت کر پاکستانی قوم کو عید کا تحفہ دینے کی پوری کوشش کریں گے۔

پاکستانی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کیلئے اپنی تیاریوں کا آغاز کل سے بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ سے کرے گی جس کے بعد اگلا وارم اپ میچ آسٹریلیا سے کھیلا جائے گا۔

وارم میچ سے ایک دن قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد نے کہا کہ وارم اپ میچ دونوں ٹیموں کیلئے ایونٹ کی تیاری کا اچھا موقع ہو گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم میں گزشتہ تین سال کے دوران بہت بہتری آئی ہے اور ان کی ٹیم چند بہترین بلے بازوں پر مشتمل ہے جس کی بدولت ہمیں ان کے خلاف وارم اپ میچ سے بھرپور پریکٹس کا موقع ملے گا۔

بنگلہ دیش سے سیمی فائنل کے سوال پر سرفراز نے کہا کہ اگر ہمارا سیمی فائنل میں ان سے سامنا ہوا تو حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن پر توجہ دیں گے کیونکہ ان کی ٹیم میں محموداللہ، شکیب الحسن، تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم کی شکل میں چند بہترین بلے باز موجود ہے اور اگر ہمارا سیمی فائنل میں ان سے سامنا ہوا اس پر کام کریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ یہ بحیثت کپتان میرا پہلا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے اس لیے میں ٹیم کی بہترین کارکردگی کیلئے بہت پرجوش ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں لہٰذا ہمارے پاس اس وقت گنوانے کو کچھ بھی نہیں ہے اور میں نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا قدرتی کھیل پیش کرتے ہوئے مثبت کرکٹ کھیلنے پر توجہ دیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں ہم نے تمام شعبوں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہاں ہماری فیلڈنگ بھی بہت معیاری رہی اور ہم بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔

ہندوستان کے خلاف چار جون کو ہونے والے میچ کے بارے میں سوال پر سرفراز نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ انڈیا کے خلاف اچھا پرفارم کریں، پوری قوم کی بھی یہی خواہش ہے کہ ہم ہندوستان کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کریں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ بحیثیت یونٹ کھیلتے ہوئے 100فیصد کارکردگی دکھائیں اور ٹیم لڑتے ہوئے نظر آئے اور سب ایک ہوکر کھیلیں گے تو ضرور اچھے نتائج آئیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے درمیان رمضان کا مہینہ ہو گا اور یہ ایونٹ منی ورلڈ کپ کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا پوری کوشش ہو گی کہ عید سے قبل ٹیم کو ایک اچھا تحفہ دیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024