• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کانفرنس میں تقریرکا موقع نہ دینےپر شاہ سلمان کی وزیراعظم سے معذرت

شائع May 25, 2017

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے وزیر اعظم نواز شریف سمیت تمام 30 اسلامک ممالک کے سربراہان سے امریکا۔ عرب اسلامی کانفرنس کے دوران تقریر کے موقع نہ دینے پر معذرت کرلی۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث 30 ممالک کے رہنما سعودی عرب میں منعقدہ اجلاس سے خطاب نہیں کرسکے اور اس پر شاہ سلمان نے ذاتی طور پر تمام شرکا سے معذرت بھی کی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ اتوار کو ریاض میں پہلی امریکا ۔ عرب اسلامک کانفرنس میں شرکت کی تھی۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے نواز شریف کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

اس دورے پر وزیر اعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز، صاحبزادے حسین نواز، وکیل اکرم شیخ، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اس سربراہی اجلاس میں شاہ سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ مسلم دنیا کے 55 سربراہان مملکت بھی شرکت کے لیے مدعو کیے گئے تھے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک نوجوان کو جیپ کے آگے باندھ کر ڈھال بنانے والے فوجی افسر کو بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے ایوارڈ دیئے سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’یہ ایک جرم اور انسانیت کی تذلیل ہے، یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی فورسز نے بزدلانہ اور انسانیت سوز رویے کا مظاہرہ کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ایک تلخ حقیقت ہے، جبکہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔‘

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے کیس کے حوالے سے سوال پر نفیس زکریا نے کہا کہ ’پاکستان عالمی عدالت انصاف میں کیس نہیں ہارا، کلبھوشن یادیو اپنی سزائے موت کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں، جبکہ بھارت کے کلبھوشن کے حوالے سے دعوے غلط ہیں۔‘

ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدہ صورتحال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد کی پالیسی پر کاربند ہے اور اگر رکن ممالک کے درمیان حالات خراب ہوتے ہیں تو پاکستان ثالثی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

لندن میں پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن (پی آئی اے) کے جہاز سے منشیات برآمدگی سے متعلق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ’اس معاملے پر ہمیں ابھی تک برطانیہ میں موجود اپنے ہائی کمشن سے جواب موصول نہیں ہوا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نیپال میں مبینہ طور پر اغوا ہونے والے پاک فوج کے ریٹائرڈ افسر کرنل حبیب کے معاملے پر نیپالی حکومت سے رابطے میں ہیں، کرنل حبیب کے معاملے پر بھارتی ہائی کمیشن سے بھی معاونت کے لیے رابطہ کیا ہے۔‘

پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سی پیک اقتصادی ترقی کا منصوبہ ہے، اس منصوبے سے صرف پاکستان اور چین کو ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا، سی پیک چین کے ’ون بیلٹ، ون روڈ‘ منصوبے کا حصہ ہے جو کہ جنوبی ایشیا کو دیگر خطوں سے منسلک کرے گا۔‘

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024