• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نااہلی کیس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنےکی پی ٹی آئی درخواست مسترد

شائع May 23, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے غیر قانونی ذرائع سے پارٹی فنڈز لینے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

یاد رہے کہ ہاشم علی بھٹہ نے غیرقانونی ذرائع سے پارٹی فنڈز اکٹھے کرنے کے الزام کے تحت پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے رواں برس 16 جنوری کو عدم پیروی اور ہاشم علی بھٹہ اور ان کے وکیل کے کمیشن کے سامنے پیش نہ ہونے پر درخواست کو خارج کردیا تھا، جسے رواں ماہ 9 مئی کو دوبارہ بحال کیا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بنچ نے ہاشم علی بھٹہ کی درخواست پر سماعت کی۔

واضح رہے کہ کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو آج کی سماعت کے دوران اپنا جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست بحال

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل شرافت چوہدری نے دلائل دیئے کہ پی ٹی آئی نے غیر قانونی ذرائع سے فنڈز حاصل کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ تحریک انصاف نے فنڈز غیر قانونی طریقے سے اکٹھے کیے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے کمیشن کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے حنیف عباسی کی جانب سے اسی نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہے، لہذا الیکشن کمیشن اس درخواست پر سماعت کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی فنڈنگ کیس: تحریک انصاف تحقیقاتی کمیشن کے قیام پر آمادہ

تاہم چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا، ' آخر عمران خان کو جواب جمع کرانے میں کیا حرج ہے؟'

جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ان ہی نکات پر مبنی درخواست کا جواب سپریم کورٹ میں دائر کیا جاچکا ہے۔

تاہم الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ عمران خان 7 جون تک غیرقانونی ذرائع سے پارٹی فنڈز لینے کے معاملے پر جواب جمع کرائیں، جس کی روشنی میں کیس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024