• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

عمران خان، جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس مسترد

شائع March 16, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق ریفرنسز مسترد کردیئے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان طلال چوہدری اور محمد خان ڈاہا کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف اسپیکر اسمبلی کے پاس ریفرنسز دائر کیے گئے تھے، جنھیں سردار ایاز صادق نے گذشتہ برس ستمبر میں الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

عمران خان کے خلاف دائر ریفرنس میں ان کی آف شور کمپنی، بیرون ملک جائیداد، آمدنی کا ذکر کیا گیا جبکہ یہ بھی کہا گیا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائی جانے والی اثاثوں کی تفصیلات میں بنی گالہ میں اپنے گھر کے حوالے سے غلط بیانی کی اور اپنی ایک سرمایہ کاری سے ای سی پی کو آگاہ نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: نااہلی ریفرنس پر عمران خان کو نوٹس، وزیراعظم کو مہلت

علاوہ ازیں جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بطور وفاقی وزیر انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ سے ٹنڈلیاں والا شوگر ملز کے نام پر 10 کروڑ 10 لاکھ روپے کا قرض لیا جو انہوں نے 2005 میں معاف کرالیا۔

ان پر یہ بھی الزام تھا کہ 2013 اور 2015 کے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے جہانگیر ترین نے حقائق چھپائے۔

یہ بھی پڑھیں:جہانگیر ترین کے خلاف ن لیگ کا نااہلی ریفرنس

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے نااہلی ریفرنسز پر سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے خلاف ریفرنس ناقابل سماعت ہیں۔

'ریفرنس مسترد ہونا حق کی فتح'

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور ترجمان نعیم الحق نے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے خلاف دائر کیے گئے ریفرنس مسترد ہونے سے ثابت ہوگیا کہ حق اور سچ کی فتح ہوگئی۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے مدبرانہ فیصلہ کیا ہے، عمران خان کے خلاف ریفرنس میں جھوٹی باتوں پر حکومتی وزراء کو شرمندہ ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق نے جھوٹے ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بھیجے، جس پر انہیں اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوجانا چاہیے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ اسپیکر کے خلاف آج سے احتجاج شروع کیا جائے گا۔

'عمران خان،جہانگیر ترین نے تکنیکی طریقے سے جان بچائی'

بعدازاں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال گیلانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ جانے کا حق رکھتے ہیں اور یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔

دانیال عزیز کا مزید کہنا تھا کہ 'آج جو جیت ہوئی ہے، یہ پاکستانی عوام کے سامنے توڑ مروڑ کر پیش کی جائے گی'۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان اور جہانگیر ترین نے تکنیکی طریقے سے جان بچائی ہے'۔

دوسری جانب لیگی رہنما طلال چوہدری نے ماضی میں الیکشن کمیشن کے بارے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رائے کو دہراتے ہوئے کہا کہ 'جس الیکشن کمیشن کو آپ گالی دیتے تھے آج اسی نے آپ کے حق میں فیصلہ دیا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران اور جہانگیر ترین نے استثنیٰ لے کر اپنی چوری چھپانے کی کوشش کی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sarah Mar 16, 2017 11:07pm
Why this news not a headline ? Isn't a good news. Celebration does not come everyday.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024