پی ایس ایل فائنل پر پنجاب حکومت تذبذب کا شکار
لاہور: پنجاب حکومت 5مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد کی اجازت دینے سے قبل دارالحکومت لاہور کی سیکیورٹی کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ کسی بھی خطرے کے پیش نظر پہلے سے تیاری کی جا سکے۔
ادھر شائقین کرکٹ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے اعلان کے بعد سے انتہائی پرجوش ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی پیشرفت میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پانچ مارچ کو دبئی کی جگہ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے اعلان کے ساتھ ہی لاہور سمیت ملک کے چند اہم شہروں اور مقامات پر دہشت گرد حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے سیکیورٹی ایجنسیز کیلئے نئے چیلنج کھڑے ہو گئے ہیں۔
وفاقی حکومت اور فوج نے پنجاب حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے گی البتہ صوبائی حکومت مختلف پہلوؤں پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
یاد رہے کہ جب مئی 2015 میں زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر حکومت پنجاب نے قابل اطمینان اقدامات کیے تھے لیکن تمام تر احتیاط کے باوجود ایک خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں چند افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔