• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستانی معیشت کی خوش آئند کارکردگی

شائع February 7, 2017

امریکی ماہر اقتصادیات ٹیلر کووین نے پاکستانی معیشت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ میری نظر میں 'گزشتہ برس کے دوران غیر اہم سمجھی جانے والی دنیا کی جس اسٹاک مارکیٹ نے سب سے بہتر کارکردگی دکھائی وہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ ہے'۔

ٹیلر کووین نے امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ میں اپنے کالم میں لکھا کہ 'پاکستان کی معاشی کارکردگی کو دیکھ کر مجھے خوشگوار حیرت ہوئی'۔

انہوں نے لکھا کہ جب میں نے گوگل پر پاکستان لکھ کر سرچ کیا تو دہشت گردی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر بھی سفری پابندیاں عائد کرنے کی خبریں دکھائی دیں تاہم پاکستان کے کئی مثبت پہلو بھی ہیں۔

ٹیلر کے مطابق پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ نے گزشتہ برس بہترین پرفارمنس دی اور اس میں 46 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) 4 فیصد کی سطح پر موجود ہے جو ممکن ہے کہ 5 فیصد ہوجائے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان کی معاشی کارکردگی بھارت سے بہتر‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2002 کے بعد سے پاکستان میں غربت کی شرح میں کم ہوکر نصف رہ گئی ہے جبکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں ہلاکتوں کی شرح میں دو تہائی کمی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے ایک انوکھی مثال دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی کو کچھ یوں بیان کیا کہ 1991 میں پاکستان کے صرف13 فیصد گھروں میں واشنگ مشین ہوا کرتی تھی جبکہ اب 47 فیصد گھروں میں واشنگ مشین موجود ہے۔

ٹیلر لکھتے ہیں کہ پاکستان میں افراط زر اب کوئی مسئلہ نہیں رہا جبکہ ملک فارن ایکسچینچ کے بحران سے بھی نکل گیا ہے اور زر مبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستانی معیشت میں ہونے والی بہتری انتہائی اہم ہے کیوں کہ 20 کروڑ کی آبادی کے ساتھ یہ دنیا کا چھٹا سب سے بڑا ملک ہے، یہ جوہری طاقت بھی ہے جس کی وجہ سے خطے میں امن کے لیے اس کا کردار اہم ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان معاشی بحران سے باہر نکل چکا: آئی ایم ایف چیف

ٹیلر نے پاکستان کو درپیش مسائل کا بھی تذکرہ کیا اور لکھا کہ ملک کا تعلیمی نظام ناقص ہے، برآمدات میں اضافہ نہیں ہورہا اور صرف ٹیکسٹائل برآمدات پر انحصار کیا جارہا ہے، سرمایہ کاری ناکافی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اس کے علاوہ موسم، پانی اور خشک سالی جیسے اندرونی مسائل نے بھی پاکستان کو جکڑا ہوا ہے تاہم سیاسی صورتحال بہتر ہوئی ہے البتہ یہ اب بھی مثالی نہیں۔

واضح رہے کہ ٹیلر گزشتہ 15 برس سے غیر اہم سمجھے جانے والے ممالک کی خفیہ صلاحیتوں کا احاطہ کا کررہے ہیں اور وہ اپنے کالم میں ان ممالک کی معاشی کارکردگی اور دیگر مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں۔


تبصرے (1) بند ہیں

سید آصف جلال Feb 08, 2017 07:21pm
پاکستان کی جغرافیائی حثیثت تو دنیا میں تسلیم کی جاتی تھی، لیکن چین نے اپنے مفادات کے تحت پاکستانی معیشت میں جو کردار ادا کیا اور کرنے جا رہا ہے اس سے مستقبل قریب میں اچھے ثمرات ملینگے، چینی سرمایہ کاروں کی سی پیک پروجیکٹ سے ہٹ کر سرمایہ کاری میں دلچسپی اس بات کی عمازی کرتی ہے کہ ہمارے ہاں لوگوں میں قوت خرید بڑھ رہی ہے، معاشی اعشاریوں کی پوزیشن مستحکم کرنے میں فوج کا بھی اہم کردار ہے ، جنہوں نے عمدہ منصوبہ بندی کے تحت ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا، اور بیرونی سرمایہ کاروں کو پر امن فضا فراہم کی۔ بلومبرگ جیسے بڑے کاروباری میڈیا ہاوسسز میں پاکستانی معیشت کے حوالے سے مثبت رپورٹ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کرے گی۔ اللہ تعالیٰ مملکت پاکستان کو ترقی و کامرانی عطا فرمائے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024