میرے والد کو قتل کیا گیا، پیرس جیکسن
مشہور پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کی اکلوتی بیٹی پیرس جیکسن کو اس بات کا یقین ہے کہ ان کے والد کو قتل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق مائیکل جیکسن کی موت کے بعد اپنے پہلے تفصیلی انٹرویو میں ان کی 18 سالہ بیٹی پیرس جیکسن نے میڈیا کو بتایا کہ اپنے والد کی موت کے بعد انہوں نے کئی بار خودکشی کی کوشش کی۔
پیرس جیکسن کے مطابق ڈپریشن اور نشہ آور ادوایات کی لت میں پڑنے کے بعد انہوں نے15 سال کی عمر میں خودکشی کی آخری کوشش کی تاہم اس کے بعد انہوں نے تھراپی کے عمل سے گزر کر اپنی صحت کو بحال کیا۔
پیرس جیکسن نے اپنے اس انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ 14 سال کی عمر میں ایک نامعلوم شخص نے ان کے ساتھ زیادتی کی۔
اپنے والد کی موت سے متعلق بات کرتے ہوئے پیرس جیکسن کا بتانا تھا کہ وہ مائیکل جیکسن کی موت کا ذمہ دار ڈاکٹر کونراڈ مرے کو سمجھتی ہیں جنہوں نے نشہ آور ادوایات کا عادی بنا کر ان کے والد کو موت کے گھاٹ اتارا۔
پیرس جیکسن کے مطابق مائیکل جیکسن کی موت کے حوالے سے تمام شواہد اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ انہیں قتل کیا گیا۔
مائیکل جیکسن کی حقیقی بیٹی نہ ہونے سے متعلق اٹھائے جانے والے اعتراضات پر بھی پیرس جیکسن خاموش نہ رہیں اور کہا کہ وہ مائیکل جیکسن کی اصل بیٹی ہیں اور خود بھی سیاہ فام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ مائیکل جیکسن کو جانتے ہیں وہ مجھ میں بھی مائیکل جیکسن کی شبیہ دیکھتے ہیں‘۔