'سمی': غیرت کے نام پر قتل پر مبنی ڈرامہ
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین جلد اپنے ڈرامے 'سمی' کے ساتھ ٹی وی پر واپسی اختیار کریں گی، اس ڈرامے میں غیرت کے نام پر قتل جیسے موضوع کو پیش کیا جائے گا۔
ماورا حسین کے مداح طویل عرصے سے انہیں ڈراموں میں دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں، اور حال ہی میں اس ڈرامے کی ٹیم نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی جہاں ڈان امیجز نے ان سے بات کی۔
کراچی میں منعقد ہوئی اس پریس کانفرنس میں ڈرامے کی مرکزی اداکارہ ماورا حسین، پروڈیوسر مومنہ درید اور دیگر لوگ موجود تھے۔
مومنہ درید کے مطابق یہ ڈرامہ تفریح کے ساتھ معلوماتی بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس ڈرامے میں کارو کاری اور غیرت کے نام پر قتل جیسے مسائل کو پیش کیا گیا، اس کے علاوہ اس ڈرامے میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے بھی اگاہی دی جائے گی، اس ڈرامے کی کہانی کافی انٹرٹیننگ ہے، تاہم ساتھ ہی یہ مسائل کو بھی عوام کے سامنے پیش کرے گی، اس کا حل بتائی گی، اور امید ہے کہ یہ پاکستان میں لڑکیوں کو ان کے ساتھ غلط ہونے پر اپنی آواز اٹھانے کا حوصلہ بھی دے'۔
خیال رہے کہ 'سمی' ڈرامہ جان ہوپکنز یونیورسٹی کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنایا گیا ہے، اس حوالے سے مومنہ کا کہنا تھا کہ 'سمی کے حوالے سے ریسرچ کرنے میں جان ہوپکنز یونیورسٹی نے ہماری کافی مدد کی، یہ بہترین بات ہے کہ دو اداروں نے مل کر ایک مقصد پر کام کیا'۔
ڈرامے کی مرکزی اداکارہ ماورا حسین نے اس ڈرامے کی کہانی کو آگاہی کا مرکز کہا۔
ماورا حسین کا کہنا تھا کہ 'سماجی مسائل میرے اور آپ کے بارے میں نہیں، جیسے کراچی کی عوام پانی کی کمی کا مسئلہ بیان کرے، ہمیں اس کی اصل وجہ تک پہنچنا چاہیے، دیہی علاقوں میں رہنے والی خواتین کو ہم سے زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان کے پاس ہمارے جیسی آزادی نہیں ہوتی، مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے اگر میں ڈراموں میں کام نہ کرتی تو شاید مجھے ان کی حالت زار کے بارے میں معلوم ہی نہیں ہوتا، تو ظاہر ہے اس پلیٹ فارم سے شعور پیدا ہورہا ہے، پھر چاہے کسی ایک کو ہی ملے'۔
واضح رہے کہ ہم ٹی وی کا ڈرامہ 'اڈاری' کافی مقبول ہوا تھا، جس میں ماورا حسین کی بہن عروہ حسین نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
جب سوال کیا گیا کہ کیا 'سمی' بھی 'اڈاری' جتنا کامیاب ہوسکے گا تو مومنہ درید نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ایسا ہی ہو۔
20 اقساط پر مبنی ڈرامہ 'سمی' کا آغاز 29جنوری سے ہوگا، جسے رات 8 بجے نشر کیا جائے گا۔