• KHI: Fajr 4:52am Sunrise 6:11am
  • LHR: Fajr 4:11am Sunrise 5:35am
  • ISB: Fajr 4:12am Sunrise 5:39am
  • KHI: Fajr 4:52am Sunrise 6:11am
  • LHR: Fajr 4:11am Sunrise 5:35am
  • ISB: Fajr 4:12am Sunrise 5:39am

خاتون کی ہلاکت: جناح ہسپتال کے ایم ایس کو معطل کرنے کا حکم

شائع January 4, 2017

لاہور کے جناح ہسپتال میں بستر نہ ملنے پر ایمرجنسی وارڈ کے ٹھنڈے فرش پر دم توڑنے والی 60 سالہ خاتون کی موت کے بعد بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کومعطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل قصور کی رہائشی 60 سالہ زہرہ بی بی دل میں تکلیف کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی آئیں، جہاں سے انھیں سروسز ہسپتال ریفر کیا گیا، لیکن وہاں بستر نہ ہونے کے باعث خاتون کو جناح ہسپتال لے جانے کو کہا گیا۔

جناح ہسپتال میں بھی مریضہ کے لیے بستر نہ ہونے کی وجہ سے انھیں ایمرجنسی وارڈ کے فرش پر ہی لٹادیا گیا۔

ٹھنڈ لگنے سے ضعیف خاتون کی طبیعت مزید بگڑ گئی، ان کی بیٹی ہسپتال کے عملے سے گزارش کرتی رہیں کہ ان کی والدہ کو بیڈ پر منتقل کردیا جائے تاہم کسی نے کان نہیں دھرے اور معمر خاتون وہیں ٹھنڈے فرش پر ہی دم توڑ گئیں۔

مزید پڑھیں:جناح ہسپتال میں 60 سالہ خاتون ٹھنڈے فرش پر دم توڑ گئیں

اس واقعے کی خبر میڈیا پر چلنے کے بعد پہلے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے نوٹس لیا اور اس کے بعد وزارت صحت نے بھی اس کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کی مکمل انکوائری کی ہدایات دیں، جس کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کے دیگر ارکان میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فخر امام اور ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر سلمان شاہد شامل تھے۔

بدھ 4 جنوری کو وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مذکورہ کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کی، جس میں جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر یوسف کو قصوروار ٹھہرایا گیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ایم ایس کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے سرکاری ہسپتال میں میرے 10 تکلیف دہ دن

اجلاس میں پنجاب کے وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق، وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، سیکریٹری ہیلتھ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے محکمہ صحت کے حکام کی کافی سرزنش بھی کی۔

واضح رہے کہ انکوائری کمیٹی کو 24 گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا تھا، تاہم ابھی تک حتمی رپورٹ پیش نہیں گئی۔

امکان ہے کہ حتمی رپورٹ آج شام یا کل تک وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی جائے گی، جس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ متاثرہ خاندان کا بیان ریکارڈ نہیں ہوسکا۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jan 04, 2017 06:13pm
السلام علیکم: میں نے کہا تھا کہ شہباز شریف نوٹس ضرور لے گا۔ اور آخر یہ ہی ہوا ’’میڈیا پر خبر چلنے کے بعد پہلے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے نوٹس لیا اور اس کے بعد وزارت صحت نے بھی اس کا نوٹس لے ہی لیا۔ اچھا ہے کسی نے شرط نہیں لگائی ورنہ وہ ہار جاتا۔ خیرخواہ

کارٹون

کارٹون : 14 اپریل 2025
کارٹون : 13 اپریل 2025