2016: بولی وڈ اداکاراوں کے بدترین ملبوسات
دنیا بھر میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے ملبوسات کا انتخاب بہت اہمیت رکھتا ہے، اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ان کی ایک غلطی انہیں اپنی حریف اداکارہ سے کافی پیچھے کرسکتی ہے۔
ایسا ہی کچھ بولی وڈ انڈسٹری کی اداکاراوں کے ساتھ بھی ہے، جو متعدد ایونٹس میں سب سے زیادہ اپنے لکس پر توجہ دیتی ہیں اور کوشش کرتی ہیں کہ وہاں موجود تمام اداکاراوں میں سب سے بہتر نظر آئیں۔
لیکن کبھی کبھی یہ باصلاحیت اداکارائیں بھی کچھ ایسی غلطیاں کردیتی ہیں جنہیں لوگ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔
جیسے کہ کچھ ایسے ملبوسات کا انتخاب جنہیں بدترین ملبوسات کے زمرے میں شامل کیا گیا۔
مندرجہ ذیل فہرست مین چند ایسی اداکاراوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی بدترین ڈریسنگ سے سب کو حیران کردیا۔
دیپیکا پڈوکون
دپیکا پڈوکون اپنے اس لباس میں ایک کانفرنس میں شریک ہوئی تھیں، اور انہیں دیکھ کر اس بات کا یقین کیا جاسکتا ہے کہ ایونٹ میں موجود تمام شخصیات کی پوری توجہ صرف دپیکا کی جانب مرکوز رہی ہوگی۔
سونم کپور
سونم کپور کو بولی وڈ کی فیشنسٹا کہا جاتا ہے، تاہم کبھی کبھار وہ بھی کچھ ایسی غلطیاں کر بیٹھتی ہیں، جس کے بعد صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے، اور ان کا ایوارڈ شو میں پہنا ہوا یہ لباس بھی کسی غلطی سے کم نہیں۔
پریانکا چوپڑا
پریانکا چوپڑا بولی وڈ کے ساتھ ساتھ ہولی وڈ میں بھی اپنی جگہ بنانے میں مصروف ہیں، اب اتنے مصروف شیڈول میں ایسی ڈریسنگ تو ہو ہی جاتی ہے، پریانکا نے نہ صرف عجیب لباس پہنا بلکہ ان کا میک اپ بھی کسی کو ڈرانے کا کام کرسکتا تھا۔
کترینہ کیف
کترینہ کیف نے اس سال کئی بہترین ملبوسات پہنے، تاہم وہ ایک ایوارڈ شو میں باربی کی گڑیا بن کر شریک ہوئیں، ان کے لباس کا گلابی رنگ یقیناً بچوں کو بےحد پسند آیا ہوگا۔
شردہا کپور
شردہا کپور نے یہ لباس اپنی فلم 'باغی' کی پارٹی پر پہنا تھا، تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے کسی نے ان کے سفید لباس پر بہت سارے رنگ گرا دیے۔
جیکولین فرنینڈز
جیکولین فرنینڈز نے ایوارڈ شو میں جو لباس پہنا اس کو سمجھا بھی وہ خود ہی سکتی ہیں، کیوں کہ یہ ہماری سمجھ سے تو باہر ہے۔
ایشوریا رائے بچن
ایشوریا رائے کی شادی کو کئی سال گزر چکے ہیں، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اداکارہ آج بھی دلہن بننے کی شوقین ہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ اتنے بھاری سرخ رنگ کا جوڑا پہننے ایک ایونٹ میں نظر آئیں۔