• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی ایئرپورٹ پر ہندوستانی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

شائع November 8, 2016

کراچی: ہندوستان کی ایک نجی ایئرلائن کے ایک طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔

ایئرپورٹ مینجر کراچی نثار بروہی نے بھارتی طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نئی دہلی سے دوحا جانے والے طیارے میں دوران پرواز ایک مسافر کی طبیعت خراب ہونے کے بعد پاکستانی ایئرٹریفک کنٹرول سے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی گئی۔

مزید پڑھیں:'ٹائر پھٹنے' کے بعد طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

لینڈنگ کی اجازت ملنے کے بعد گذشتہ رات بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا، جہاں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈاکٹروں نے بھارتی مسافر کا معائنہ کیا۔

تاہم موہن سنگھ نامی بھارتی مسافر کا اس دوران انتقال ہوگیا، جس کے بعد پائلٹ کی درخواست پر مسافر کی میت کو کفن میں لپیٹ کر طیارے کے ساتھ ہی روانہ کردیا گیا۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ اکتوبر میں بھی 2 غیر ملکی ایئر لائنز نے میڈیکل ایمرجنسی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئر حادثہ: پائلٹ کراچی سے گرفتار

پہلی ہنگامی لینڈنگ دبئی سے میانمار جانے والی پرواز یو اے ای 388 نے کی، جس کے ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی، تاہم لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ہی برما سے تعلق رکھنے والے مذکورہ مسافر کا انتقال ہوگیا، جس کی میت کو کراچی ایئرپورٹ پر اتار دیا گیا اور بعدازاں غیر ملکی ایئر لائن نے میت کی حوالگی کے لیے میانمار حکومت سے رابطہ کیا۔

دوسری ہنگامی لینڈنگ غیر ملکی ایئرلائن کی دبئی سے ڈھاکا جانے والی پرواز ایف ڈی بی 585 کو کروائی گئی، جس کی ایک بنگلہ دیشی خاتون مسافر کو اپینڈیکس کا درد ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024