مریم نواز کا نعیم الحق کو 1 ارب ہرجانے کا نوٹس
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نعیم الحق کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجوا دیا۔

نعیم الحق نے مریم نواز پر سیکیورٹی اجلاس کی خبر لیک کرنے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
نوٹس کے مطابق نعیم الحق اپنے جھوٹ بولنے پر فی الفور معافی مانگیں اور دوسری صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
اس سے قبل ترجمان شریف فیملی کے بیان کے مطابق نعیم الحق کو ہتک عزت کا نوٹس پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 500 کے تحت بھجوایا جائے گا۔

یاد رہے کہ بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق نے الزام عائد کیا تھا کہ اہم اجلاس کی لیک ہونے والی خبر کے پیچھے پرویز رشید نہیں، بلکہ وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز ملوث ہیں۔
نعیم الحق نے وزیراعظم نواز شریف کو چیلنج کیا کہ وہ حلفیہ بیان دیں کہ مریم نواز اس خبر کو لیک کروانے میں ملوث نہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان کے اہل خانہ پر کرپشن کا الزام لگانے پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔