• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزارت خزانہ کی ضمانت پر پاکستانی بحری جہاز رہا

شائع August 28, 2016

اسلام آباد: پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے مال بردار بحری جہاز ایم وی حیدرآباد کو پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ضمانت دینے کے بعد پورٹ الزبتھ سے روانگی کی اجازت دے دی گئی۔

پی این ایس سی کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے ضمانت دیئے جانے کے بعد ان کے جہاز کو چھوڑ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پی این ایس سی کے مال بردار بحری جہاز کو جنوبی افریقہ کی عدالت کے حکم پر پورٹ الزبتھ پر تحویل میں لے لیا گیا تھا، جس کو وزارت خزانہ کی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

پی این ایس سی کے حکام نے بتایا کہ وی ایم حیدرآباد مٖغربی افریقہ کی پورٹ پیڈرو کی جانب سفر کررہا تھا کہ اسے جنوبی افریقہ کے پورٹ پر ری فیولنگ کے لیے جانے کو کہا گیا، جہاں اسے پاکستان اسٹیل مل (پی ایس ایم) کی جانب سے سنگاپور کی کمپنی کو کرائے کی عدم ادائیگی پر عدالت حکم پر حراست میں لے لیا گیا۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقی بندرگاہ پر پاکستانی بحری جہاز روک لیا گیا

جنوبی افریقہ کے قانون کے مطابق عدالتی حکم پر مال بردار جہاز کو حراست میں لیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ مذکورہ کیس پی ایس ایم پر سنگاپور کی شپنگ کمپنی نے دائر کیا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2008 میں خام لوہا لے جانے کیلئے انھیں رقم ادا نہیں کی گئی تھی۔

دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل مل 2008 میں کمپنی کے ساتھ جنوبی افریقہ سے 10 لاکھ ٹن خام لوہا منقتل کرنے کے معاہدے میں شریک تھی، لیکن پی ایس ایم مذکورہ کمپنی کو 75 لاکھ ڈالر رقم ادا نہ کرسکی اور سنگاپور شپنگ کمپنی کے مال بردار جہاز نے 4 چکر لگا کر 8 لاکھ ٹن خام لوہا منتقل کیا اور رقم کی عدم ادائیگی پر باقی کا خام لوہا منتقل نہیں کیا جس کیلئے جہاز کو مزید 2 چکر لگانا تھے۔

جنوبی افریقہ کی عدالت نے 75 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کے ساتھ پاکستان اسٹیل مل کو سنگاپور کی کمپنی کو سود کی مد میں مزید 65 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔

جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ہائی کورٹ نے پاکستان کے اثاثوں کو ضبط کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا، عدالتی حکم کو مد نظر رکھتے ہوئے کمپنی نے پاکستان کے مال بردار بحری جہاز کو روک لیا جو پاکستان حکومت کی ملکیت ہے۔

پی این ایس سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ریٹائر بریگیڈئیر ارشد صدیقی نے ڈان ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سنگاپور کی شپنگ کمپنی نے پی ایس اپم پر ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے دعوے کا مقدمہ کررکھا تھا۔

انھوں نے کہا کہ کئی سالوں سے جاری مذاکرات اور وزارت خزانہ کی جانب سے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ضمانت دینے پر ایم وی حیدرآباد کو رہا کردیا گیا۔

واضح رہے کہ حکام کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو مذکورہ ضمانت کی ادائیگی کیلئے سمری پیش کرے گی۔

ای سی سی کی منظوری کے بعد ضمانت کی رقم سنگاپور کی شپنگ کمپنی کو ادا کردی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024