عاطف اسلم ہندوستان میں کیا کررہے ہیں؟
نئی دہلی: پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے کچھ روز قبل اپنی ایک تصویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے بعد ہم یہی سوچ رہے ہیں کہ اداکار ہندوستان میں آخر کیا کررہے ہیں؟
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے 33 سالہ عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی ایک میوزک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے ہندوستان میں ہوں، یہ سوئیڈن کے اسٹار ماہر زین کے ساتھ ایک مشترکہ پروڈکشن ہے جن کی ٹیم نے میرے میوزک کو سننے کے بعد مجھ سے رابطہ کیا اور ہندوستان میں پروڈیوسرز اور ویڈیو ڈائیریکٹرز کے حوالے سے بھی مشورہ مانگا‘۔
عاطف کا مزید کہنا تھا کہ ’اس گانے کا نام Am Alive ہے، گانے میں میرے کچھ پسندیدہ جملوں میں سے ایک 'تیرے عشق میں شرابور ہوں' ہے، اس کی کمپوزیشن دھروو کنیکر نے کی ہے جس کی شوٹنگ دہلی میں کی گئی‘۔
عاطف کا اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں بارش کے دوران جامعہ مسجد پر شوٹنگ کرتے ہوئے بے حد مزہ آیا۔
مزید پڑھیں: عاطف اسلم فلم فیئر ایوارڈز کے لیے نامزد
واضح رہے کہ عاطف اسلم نے بولی وڈ میں کئی کامیاب گانے گائے، جن میں فلم ’زہر‘ کا گانا ’وہ لمحے‘، فلم ’بس ایک پل‘ کا گانا ’تیرے بن‘ اور فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ کا گانا ’تو جانے نا‘ شامل ہیں۔
عاطف اسلم کو اپنے گانوں کے لیے کئی مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا جاچکا ہے۔
پاکستانی انڈسٹری سے کچھ عرصہ غائب رہنے کے بعد عاطف اسلم گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں پرفارم کرتے نظر آئے تھے۔
انہوں نے عاصم رضا کی فلم ’ہو من جہاں‘ میں بھی ایک گانا ’تو دل کرے‘ گایا تھا۔