قندیل بلوچ تھیں کون؟
سوشل میڈیا پر تنازعات کا شکار رہنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو ان کے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق قندیل بلوچ کو ان کے بھائی نے ملتان میں واقع ان کے آبائی گھر میں گلا دبا کر قتل کیا۔
لیکن آخر قندیل بلوچ تھیں کون؟
قندیل بلوچ اُس وقت سب سے پہلے میڈیا کی نظروں میں آئیں، جب انھوں نے نجی چینل پر گلوکاری کے ایک مقابلے میں آڈیشن دیا، تاہم اس پروگرام کی جج بشریٰ انصاری نے انہیں مقابلے سے ہاتھ پکڑ کر باہر نکال دیا تھا۔
مزید پڑھیں: ماڈل قندیل بلوچ 'غیرت کے نام' پر قتل
قندیل بلوچ کا اصل نام فوزیہ عظیم تھا جنہیں پاکستان میں 2014 میں اُس وقت شہرت ملی جب ان کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی، جس میں وہ سوال کرتی ہوئی نظر آئیں،'میں کیسی لگ رہی ہوں؟'
اس کے بعد انھوں نے ’قندیل بلوچ آفیشل‘ کے نام سے اپنے فیس بک پیج پر کئی متنازع ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن پر تنقید بھی کی گئی جبکہ ان کے مداح ان تصاویر اور ویڈیوز کو ماڈل کی آزادی قرار دیتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: قندیل بلوچ بگ باس 10 کا حصہ؟
قندیل بلوچ نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کئی طریقے آزمائے، جن کا وہ برملا اظہار بھی کرتی تھیں۔
وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان سے شادی کی خواہش مند تھیں اور ریحام خان سے طلاق کے بعد انہوں نے عمران خان کے لیے کئی ویڈیوز بھی بنائیں۔
ماڈل نے رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ میں پاکستان کی فتح کے حوالے سے بھی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: لڑکیاں مجھ سے متاثر ہیں، قندیل بلوچ
انہوں نے پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی کے لیے بھی ویڈیو پیغام دیا تھا کہ اگر وہ ہندوستان سے میچ جیت کر آئیں گے تو وہ اپنے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کریں گی۔
اس قسم کی اطلاعات بھی گردش کر رہی تھیں کہ قندیل بلوچ ہندوستان کے مشہور رئیلٹی شو 'بگ باس' کے نئے سیزن کا حصہ ہوں گی اور ماڈل نے اپنے فیس بک پیج پر بھی اس کا ایک اشارہ دیا تھا۔
حال ہی میں مفتی عبدالقوی کے ساتھ قندیل بلوچ کی سیلفیز اور ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد مفتی صاحب کو رویت ہلال کمیٹی کی رکنیت سے بھی ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: قندیل اور مولوی عبدالقوی کی سیلفی کی 'داستان'
کچھ روز قبل قندیل بلوچ کی دو شادیوں کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔
سب سے پہلے پشاور کے رہائشی شاہد بلوچ نے دعویٰ کیا تھا کہ جولائی 2003 میں انھوں نے قندیل بلوچ سے کورٹ میرج کی تھی، لیکن ان کے خاندان والوں نے انھیں قبول نہیں کیا تھا، بعدازاں انھوں نے قندیل بلوچ کو طلاق دی تھی۔
دوسری بار کوٹ ادو کے علاقے شیخ عمر کے رہائشی عاشق حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی 22 فروری 2008 کو فوزیہ عظیم (قندیل بلوچ) سے شادی ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے جس پر قندیل نے اس کا اعتراف بھی کرلیا تھا۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے قندیل کا کہنا تھا کہ ان کی کوٹ ادو کے رہائشی عاشق حسین سے شادی ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قندیل بلوچ کا شادی کا اعتراف
واضح رہے کہ حال ہی میں قندیل بلوچ کا ایک متنازع ویڈیو گانا بھی سامنے آیا تھا جس میں وہ ایک نوجوان گلوکار آریان خان کے ساتھ نظر آئی تھیں۔
قندیل بلوچ کو اس ویڈیو میں اپنے نازیبا ملبوسات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تبصرے (2) بند ہیں