غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالرسے متجاوز
کراچی: پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی 2016 تک پاکستان کے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 23 ارب 8 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کی سطح پر تھے۔
مجموعی ذخائر میں سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود رقم کا حجم 18 ارب 12 کروڑ 89 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود رقم کا حجم 4 ارب 95 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زر مبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران ایک ارب 30 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ خبر 12 جولائی 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی