رات کو کتنی نیند صحت کے لیے ضروری ہے؟
آپ نے اکثر پڑھا یا سنا ہوگا کہ روزانہ رات کو 8 گھنٹے کی نیند ہی بہتر صحت کے لیے ضروری ہے مگر کیا واقعی یہ درست ہے؟
درحقیقت بیشتر افراد 8 گھنٹے کی نیند نہیں لے پاتے تو کیا وہ صحت مند نہیں ہوتے؟
درحقیقت آپ اپنے جسم کو 6 گھنٹے نیند کا عادی بھی بناسکتے ہیں اور اس طرح آپ نیند کی کمی کے باعث لاحق ہونے والے خطرات سے بچ جاتے ہیں۔
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
لوف بورگ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق لوگ 6 گھنٹے کی نیند لے کر بھی خود کو مختلف بیماریوں کے خطرے سے بچاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جسم کو 6 گھنٹے کی نیند لینے کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے چند نکات پر عمل کرنا چاہیے۔
محققین کے مطابق سب سے پہلے تو یہ بات یقینی بنائیں کہ آپ ہر روز صبح ایک ہی وقت پر بیدار ہوں۔
اسی طرح پہلے ہفتے 20 منٹ تاخیر سے سونے کے لیے جائیں، دوسرے ہفتے یہ وقت 40 منٹ اور تیسرے ہفتے ایک گھنٹے تک لے جائیں۔
ہر ہفتے 20 منٹ تاخیر سے جانے کا عمل اُس وقت تک برقرار رکھیں جب تک نیند کا دورانیہ 6 گھنٹے تک نہیں آجاتا۔
محققین کا کہنا تھا کہ 7 سے 9 گھنٹے اکثر افراد کے لیے نیند کا مثالی دورانیہ سمجھا جاتا ہے مگر اس کا انحصار جینز پر بھی ہوتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ نیند کا دورانیہ 6 گھنٹے تک لانے کے دوران اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ اس کا معیار اچھا ہو۔
اس کے لیے سونے سے ایک گھنٹے قبل تک اسمارٹ فون یا کمپیوٹر وغیرہ کا استعمال نہ کریں جبکہ کیفین کا استعمال کم کردیں، اس سے فوری سونا ممکن ہوسکے گا اور لیٹ کر دیر تک جاگنا نہیں پڑے گا۔
اسی طرح آرام دہ بستر، تاریکی اور مناسب درجہ حرارت بھی ضروری ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔