'5 بھائیوں کی کہانی' کراچی میں شوٹ ہوگی، سید نور
پاکستانی فلم ساز سید نور کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد کراچی میں ایک فلم بنائیں گے اور اگر انہیں ایسا محسوس ہوا کہ لاہور اور سوات میں بھی فلم بنانی چاہیے تو وہ وہاں ضرور جائیں گے۔
سید نور کراچی پریس کلب میں اپنی آنے والی فلم کے اعلان کے لیے موجود تھے جس کی کہانی 5 بھائیوں پر مبنی ہے اور فلم کا 30 فیصد حصہ کراچی میں فلمایا جائے گا۔
اس موقع پر سید نور کا کہنا تھا، 'نئی نسل انٹرٹینمنٹ سے زیادہ متاثر ہے'۔
پاکستانی فلم ’مالک‘ پر پابندی لگنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ فلم کے ہدایت کار کی خوش قسمتی تھی کہ اس پر پابندی عائد کی گئی جس کے بعد اسے دیکھنے کی جستجو لوگوں میں زیادہ بڑھی ورنہ اس سے قبل فلم کو بہت کم لوگ ہی دیکھتے۔ انہوں نے کہا کہ فلموں پر پابندی عائد نہیں کرنی چاہیے کیوں کہ ’مالک‘ کے بارے میں بھی بعد میں یہی کہا گیا کہ جن مسائل پر وہ فلم بنائی گئی وہ صحیح تھے۔
اپنی فلم کے حوالے سے سید نور نے بتایا کہ وہ کراچی کی خوبصورتی کو پیش کرنا چاہتے ہیں اور اس سوچ کو ختم کرنا چاہتے ہیں کہ کراچی میں زندگی گزارنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا ’مجھے کراچی میں موجود فلم سازوں سے ایک شکایت ہے، کراچی شہر بے حد خوبصورت ہے اور انہیں اب تک اس بات کا اندازہ نہیں ہوا، میں اپنی فلم میں کراچی کا ایسا کوئی حصہ نہیں دکھاؤں گا جو اچھا نہ ہو‘۔
ملک میں موجود ٹیلنٹ کے حوالے سے سید نور کا کہنا تھا ’وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں یقیناً غلط کہتے ہیں، یہاں صلاحیت کی بے حد کمی ہے، آپ کو یہاں کوئی وحید مراد، لہری اور محمد علی نظر نہیں آئیں گے، لیکن جب ان شخصیات نے آغاز کیا تھا تو وہ بھی ماہر نہیں تھے بلکہ وقت کے ساتھ کامیاب ہوئے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کراچی ہر قسم کی سرگرمی کا مرکز ہے اور یہی وجہ ہے کہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ یہاں فلمیں بنارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا، ’میں نے اس سے قبل بھی اس بات کا ذکر کیا ہے کہ کراچی ہی ہے جو ہماری فلمی صنعت کو ملک میں زندہ کرے گا، تاہم اگر ضرورت پڑی تو میں لاہور اور سوات بھی جاؤں گا اور وہاں فلمیں بناؤں گا کیوں کہ تمام شہر ہمارے اپنے ہیں‘۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔