• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کچرےکو'آخری آرام گاہ'تک پہنچائیں گے،ایم کیو ایم

شائع March 8, 2016
فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس میں محمد حسین اور نسرین جلیل بھی موجود تھیں — فوٹو/ ڈان نیوز
فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس میں محمد حسین اور نسرین جلیل بھی موجود تھیں — فوٹو/ ڈان نیوز

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے شہرِ قائد میں صفائی مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے ایک تیر سے کئی شکار کرنے جا رہے ہیں اور ہر طرح کے 'کچرے' کو اس کی 'آخری آرام گاہ' تک پہنچائیں گے.

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر محمد حسین اور نسرین جلیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے فاروق ستار نے 'اشاروں' میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو 'گندگی' اور 'خرافات' سے پاک کریں گے.

ساتھ ہی انھوں نے ذہنوں میں موجود 'ابہام، خرابی یا بگاڑ' کی 'صفائی مہم' شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا.

خیال رہے کہ حالیہ چند دنوں سے ایم کیو ایم شدید داخلی انتشار کا شکار ہے اور پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل سامنے آ رہا ہے، ایسے میں سابق ایم کیو ایم سینیٹر اور سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی وطن واپسی اور 'نئی جماعت' بنانے کے اعلان کے بعد ایم کیو ایم نے عوام سے رابطے کے لیے 'صفائی مہم' کا سہارا لیا ہے.

مصطفی کمال کا بیان : 'ہم محب وطن لوگ تھے، 'را' کے ایجنٹ ہوگئے'

فاروق ستار نے 10 مارچ سے کراچی میں صفائی مہم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے نامزد کردہ وسیم اختر کے میئر بننے تک یہ صفائی مہم جاری رہے گی، لیکن اس مہم کے آغاز سے قبل 9 مارچ کو 'ذہنوں کی صفائی' ہوگی جس کے لیے 780 مقامات پر میٹنگز ہوں گی۔

فاروق ستار نے ذومعنیٰ انداز میں کہا کہ 'کچرے' کو کراچی سے باہر لے جایا جائے گا اور اسے اُس کی 'مستقل آرام گاہ' میں پھینکا جائے گا، تاکہ 'ذہنوں' سے بھی 'کچرا' نکل جائے اور گلیاں محلے بھی صاف ہو جائیں۔

مزید پڑھیں : ایم کیو ایم نے الزامات پھر مسترد کردیے

انہوں نے کہا کہ اس صفائی مہم کے ذریعے عوامی رابطہ کیا جائے گا، جس کی مدت ایک ماہ سے زیادہ ہوسکتی ہے، یہ مہم صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

ایم کیو ایم کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ اس 'صفائی مہم' کے بعد سب واضح ہو جائے گا کہ مہم سے پہلے کیا 'حالات' تھے اور اس کے بعد کیا 'صورتحال' ہو گی.

فاروق ستار نے کہا کہ جہاں جہاں گٹر کھل گئے ہیں، ان پر بھی ڈھکن رکھ دیئے جائیں گے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ تقسیم ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں اور یہاں کا اتحاد برقرار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں :ڈاکٹر صغیر متحدہ چھوڑ کر مصطفیٰ کمال سےجا ملے

واضح رہے کہ 5 روز قبل کراچی کے سابق ناظم مصطفیٰ کمال نے کراچی واپس آ کر ایم کیو ایم سے علیحدگی اور نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا، ان کے ہمراہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سابق ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی بھی تھے، بعد ازاں گذشتہ روز ایم کیو ایم کے سندھ کے سابق وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد بھی ایم کیو ایم چھوڑ کر مصطفیٰ کمال کی جماعت میں شامل ہوگئے، ان تمام افراد نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر 'را' کا ایجنٹ ہونے اور شراب کے نشے میں دھت ہوکر خطاب کرنے کے الزامات لگائے تھے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024