افغان طالبان کا امریکی طیارہ تباہ کرنے کا دعویٰ
کابل: پاکستان سے منسلک افغانستان کے مشرقی صوبے جلال آباد میں امریکا کا ٹرانسپورٹ سی 130 طیارہ نامعلوم وجوہات کی بناء پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 6 امریکی فوجیوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج کے کرنل برین ٹرائیبس نے طیارے میں پانچ سویلین کونٹریکٹرز کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ’واقعے میں عملے کے اراکین اور مسافر ہلاک ہوئے ہیں۔‘
امریکا کا سی 130 طیارہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے گر کر تباہ ہوا۔
واقعے میں ہلاک ہونے والے سویلین کونٹریکٹرز افغانستان میں نیٹو کے تحت ٹریننگ مشن کا حصہ تھے۔
دوسری جانب افغان طالبان نے امریکی طیارے کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے.
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے جنگجوؤں نے امریکی طیارے کو جلال آباد میں حملہ کرکے گرایا.
واضح رہے کہ سی 130 ہرکولیس نامی طیارے امریکی فوج کی جانب سے ٹرانسپورٹ مقاصد کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔
طیارہ کے گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں ہے تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت طیارہ گر کر تباہ ہوا علاقے میں کسی بھی قسم کی مخالف سرگرمیوں کی رپورٹ نہیں تھی۔