کراچی: بلوچ لبریشن آرمی کے 3 دہشت گرد ہلاک
کراچی: سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے مقابلے کے دوران بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے.
رینجرز کے ترجمان کے اعلامیے مطابق دہشت گردوں کی اطلاع پر ملیر میمن گوٹھ میں اسمعیل شاہ مزار کے علاقے میں کارروائی کے لیے اہلکار داخل ہوئے ، اس علاقے میں بی ایل اے کا مبینہ ٹھکانہ موجود تھا۔
رینجرز کی علاقے میں موجودگی پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، رینجرز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔
رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت زاہد، ناصر اور حبیب عرف فوجی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا دہشت گرد الٰہی بخش عرف گڈو ہے۔
رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے ہشت گرد گھاروں کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر حملے، 2010ء اور 2011ء میں حب چوکی کے علاقے میں چائینیز کے قتل، بھتہ، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور کراچی میں بی ایل اے کو مدد فراہم کرنے کے جرائم میں ملوث ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اخترجدون کے گھر پر رینجرز کا چھاپہ
دوسری طرف رینجرز نے کیماڑی میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اخترجدون کے گھرپرچھاپہ مارا اور سابق صوبائی وزیرکے دو گارڈز کو حراست میں لے لیا۔
اختر جدون گزشتہ دورحکومت میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بھی تھے۔