• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان کا پہلا جلا وطن: حشمت ٹہلرام کیول رامانی

شائع March 30, 2015
انہوں نے جلاوطن ہونا پسند کیا، لیکن اپنے خیالات پر اور اپنی جدوجہد پر سمجھوتہ کرنے کے لیے کبھی رضامند نہیں ہوئے۔ — Creative Commons
انہوں نے جلاوطن ہونا پسند کیا، لیکن اپنے خیالات پر اور اپنی جدوجہد پر سمجھوتہ کرنے کے لیے کبھی رضامند نہیں ہوئے۔ — Creative Commons

ہمارے دوست سلام دھاریجو نے دیارام گدومل پر ہمارا بلاگ پڑھتے ہی حکم صادر کیا کہ حشو کے بارے میں کچھ لکھیں۔ یوں تو پاکستان کی سیاسی تاریخ جلاوطنیوں سے بھری پڑی ہے لیکن ان میں اکثریت خود ساختہ جلاوطنیوں کی ہے۔ حشمت ٹہلرام کو پیار سے حشو پکارا جاتا تھا۔ وہ پاکستان کے غالباً وہ پہلے سیاسی کارکن تھے جنہیں 1949 میں زبردستی جلا وطن کیا گیا۔ شیخ ایاز اپنی کتاب ”ساہیوال جیل کی ڈائری“ میں لکھتے ہیں کہ:

"جب میں 1963 میں دہلی سے رخصت ہو رہا تھا تو مجھے حشو نے الوداعی ملاقات میں کہا تھا ”ایاز ایک بات ہرگز نہ بھولنا، اگر تم نے پاکستان میں کسی رفیوجی (مہاجر) پر ہاتھ اٹھایا تو سمجھنا کہ مجھ پر ہاتھ اٹھایا کیوں کہ میں بھی ہندوستان میں رفیوجی (شرنارتھی) ہوں۔“

حشو حقیقاً ایک نابغہ روزگار شخص تھے۔ ان کا مطالعہ انتہائی وسیع تھا۔ حشو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے برطانیہ بھی گئے مگر بغیر کوئی ڈگری لیے واپس کراچی لوٹ آئے۔ اس کے بعد انہوں نے عملی سیاست کا آغاز کر دیا۔ وہ لندن میں اندرا گاندھی کے ہم جماعت تھے۔ تقسیمِ ہند سے قبل انہوں نے سامراج دشمن سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔

حشو کے ساتھیوں میں کامریڈ سوبھو گیانچندانی، ابراہیم جویو اور شیخ ایاز بھی شامل تھے۔ سائیں جی ایم سید حشو سے بہت زیادہ متاثر تھے۔ سائیں جی ایم سید آغاز میں کانگریس کی سیاست کرتے تھے۔ بعدازاں مسلم لیگ میں شامل ہوئے۔ پھر ان کے قائدِ اعظم سے اختلافات ہو گئے اور انہوں نے مسلم لیگ چھوڑ دی۔

کانگریس کی سیاست مشترکہ ہندوستان میں مذہب سے بالاتر سیاست کی علمبردار تھی جب کہ مسلم لیگ کی سیاست کا محور یہ تھا کہ ”مسلم ہے تو مسلم لیگ میں آ“۔ ان دونوں پارٹیوں کی سیاست کو رد کرنے کے بعد جی ایم سید اس شش و پنج کا شکار تھے کہ ان کی سیاست کی بنیاد کیا ہونی چاہیے۔

جی ایم سید اپنی کتاب ”جنب گذاریم جن سیں” (میرے ہم دم، میرے رفیق) کے صفحہ نمبر 217 پر لکھتے ہیں کہ:

"اس وقت حشو کی محبت اور گفتگو میرے لیے روشنی کی کرن ثابت ہوئی۔ اس نے ”مسئلہ قومیت“ کی بنیادی روح سے مجھے متعارف کیا۔ اس حوالے سے میں نے پوری صورت حال کو ایک نئے نقطہ نظر سے پڑھنا شروع کیا۔ کانگریس کا نظریہ یہ تھا کہ ہندوستان میں بلا تفریق مذہب ایک قوم بستی ہے۔ دوسری جانب مسلمانوں کا جداگانہ نظریہ دنیا کے دیگر نظریوں کے مقابلے میں فرسودہ، غلط فہمی پر مبنی، اور جذباتی لگ رہا تھا۔ ان تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مجھے سندھ کی جداگانہ قومیت ہی حقیقی شے نظر آئی۔ اس کے بعد مجھے مستقبل کا راستہ صاف اور واضح نظرآنے لگا۔"

جی ایم سید کے مطابق دہلی میں حشو نے ”سندھوسماج“ کو قائم کرنے کے لیے کوششیں کیں۔ ابتداء میں ”سندھی بولی کنونشن” منعقد کیا گیا جس میں اس وقت ہندوستان کے صدر رادھا کرشنن کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

معروف ادیب لچھمن کومل اپنی خودنوشت سوانح عمری ”وھی کھاتے جاپنا“ (بہی کھاتے کے ورق) کے صفحہ نمبر 75 پر شیخ ایاز اور حشو کے تعلقات کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ:

"حشو کے گھر رم کے دو چار پیگ لگانے کے بعد ایاز بے حد جذباتی ہوگیا۔ وہ عدالت میں وکیلوں کی طرح اٹھ کھڑا ہوا۔ ایک ہی سانس میں بولتے ہوئے جھک کر حشو کے پیر چھونے لگا۔ پھر کھڑے ہو کر انگریزی میں تقریر کرنے لگا

"I owe half my existence to Hashu" (میرا نصف وجود حشو کی وجہ سے ہے)۔

حشو جواباً بولا "Why half Ayaz, why not full" (نصف کیوں مکمل کیوں نہیں)۔

ایاز بولا "مکمل نہیں حشو، صرف نصف۔"

حشو انگریز سامراج کے سخت خلاف تھے اور چاہتے تھے کہ جتنی جلد ہوسکے متحدہ ہندوستان کو برطانوی راج سے چھٹکارا حاصل ہو۔ شیخ ایاز اپنی کتاب ”ساہیوال جیل کی ڈائری“ کے صفحہ نمبر 597 پر حشو کی سامراج دشمنی کو یوں بیان کرتے ہیں:

"حشو نے انگریز سامراج کے خلاف پوسٹر چھاپا، جس میں ہندوستان کے نقشے پر لانگ بوٹ بنا ہوا تھا اور لکھا تھا Stop this march of imperialism۔ یہ پوسٹر چھاپنے پر انگریزوں نے اسے دو سال کی سزا دی تھی مگر وہ ڈیڑھ سال کے بعد اکتوبر 1941 میں رہا ہو گیا تھا۔"

شیخ ایاز مزید لکھتے ہیں کہ وہ اکثر کسی کا قول دہراتا تھا۔

"I shall live for communism, I shall die for communism, but I shall not live under communism." (میں کمیونزم کے لیے جیوں گا، میں کمیونزم کے لیے مروں گا، لیکن کمیونزم کے تحت جی نہیں سکتا)۔

حشو سوبھو کو بھی کہتا تھا "You will always be used by communists and supply with your life and bones the foundation of a new building." (تمہیں کمیونسٹ ہمیشہ استعمال کریں گے۔ وہ تمہاری زندگی اور ہڈیاں ایک نئی تعمیر کی بنیادوں میں کام لائیں گے۔)

حشو سندھ کو اپنا وطن مانتے تھے اور کسی بھی صورت میں یہاں سے ہجرت کرنے کے لیے تیار نہ تھے۔ ہندوستان کی تقسیم کے بعد بھی انہوں نے پاکستان نہ چھوڑا۔ 1947 میں انہیں کراچی میں نظر بند کر دیا گیا۔ شیخ ایازکے بقول اس وقت وہ دن رات اپنے فلیٹ میں بند جی ایم سید کی کتاب My struggle for new Sindh (نئے سندھ کے لیے میری جدوجہد) کا انگریزی ترجمہ کررہے تھے۔

تقسیم کے بعد جی ایم سید کے نظریات حکمرانوں کے لیے قابل قبول نہ تھے۔ تقسیم سے قبل حشو برطانوی راج کا نشانہ بنے اور پاکستان بننے کے بعد پاکستانی بیوروکریسی کا۔ پولیس نے حشو کو مسعود کھدر پوش کی عدالت میں پیش کیا جو اس وقت کراچی کے ڈپٹی کمشنر تھے۔ (مسعود کھدر پوش وہ شخصیت ہیں جنہوں نے سندھ کے ہاریوں کی حالت زار جاننے کے لیے کمیشن میں اختلافی نوٹ لکھا تھا جو بعدازاں ہاری رپورٹ کے نام سے شائع ہوا)۔

مسعود کھدر پوش حشو کو بہت اچھی طرح جانتے تھے۔ شیخ ایاز اپنی کتاب ساہیوال جیل کی ڈائری کے صفحہ نمبر 550 پر لکھتے ہیں کہ:

دوران گفتگو مسعود نے حشو سے کہا، ”حشو تم ہندوستان کیوں نہیں چلے جاتے؟“

حشو نے ٹکا کر جواب دیا، ”مسعود یہ میرا وطن ہے، میں ہندوستان کیوں جاؤں؟“

مسعود نے اپنے انگوٹھے سے برابر والے کمشنر کے کمرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا

"You Sindhis will be decimated like Red Indians" (تم سندھی ریڈ انڈینز کی طرح ملیا میٹ کردیے جاؤ گے)۔

پھر مسعود نے سر جھکا کر حشو کی نظر بندی کی معیاد بڑھانے کا آرڈر لکھا اور جب تک ہم ان کے کمرے سے نکل نہیں گئے، اس نے ہمیں آنکھیں اوپر اٹھا کر نہیں دیکھا۔

میں مسعود کے الفاظ سن کر حیرت زدہ رہ گیا۔ حشو کی رہائی کے کچھ عرصے بعد انہیں ملک بدر کیا گیا۔ ہم انہیں سائیں جی ایم سید کے گھر سے ایئرپورٹ چھوڑ آئے تھے۔

جیسے ہم پہلے بیان کر چکے ہیں، حشو تقسیم کے بعد بھی ہندوستان منتقل ہونے کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں تھے۔ 1963 میں ہندوستان میں 15 برس گزارنے کے بعد بھی وہ خود کو وہاں شرنارتھی (مہاجر) سمجھتے تھے۔ انہیں شاید وطن سے دوری کے کرب کا مکمل اندازہ تھا۔

جلاوطنی کے بعد ہندوستان میں ان کی جو حالت ہوئی اسے معروف سندھی ہندو صحافی لچھمن کومل اپنی خود نوشت کے صفحہ نمبر 73,74 پر لکھتے ہیں کہ:

"ایک رات میں بمبئی میں کیرتھ بابانی کے گھر بیٹھا تھا۔ ابھی ہم نے پہلا ہی پیگ بنایا تھا کہ دروازے کی گھنٹی بجی۔ کیرتھ کی بیوی سوتیا نے دروازہ کھولا تو حشو اندر داخل ہوئے۔ پھٹی ہوئی قمیض اور ملگجی پینٹ، مہینے بھر کی بڑھی ہوئی سپید داڑھی، سر پر سیاہ رنگ کا پرانا پچکا ہوا فلیٹ ہیٹ، جھریوں بھرا چہرہ، اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے۔

”ارے لچھمن تم؟“ وہ مجھ سے بغل گیر ہو کر چپ چاپ صوفے پر بیٹھ گئے۔ کیرتھ نے بے نیازی سے ان کے لیے ایک پیگ بنایا۔ وہ پورا گلاس ایک ہی گھونٹ میں پی گئے۔ کیرتھ مجھے وہاں سے اٹھا کر اندر کمرے میں لے آیا اور کہنے لگا “یہ آسانی سے پیچھا نہیں چھوڑیں گے، تم انہیں 5 روپے دے کر جان چھڑاؤ میں دے دے کر تھک گیا ہوں۔ پیسے ملتے ہی وہ یکدم چلے جائیں گے۔ میں نے آنسو بھری آنکھوں سے حشو کو صوفے سے اٹھایا۔ وہ ادھر اُدھر دیکھتے ہوئے بوتل تلاش کررہے تھے جو کیرتھ نے الماری میں رکھ دی تھی۔

میں نے جیب سے 10کا نوٹ نکال کر چپ چاپ حشو کی ہتھیلی پر رکھ کر ان کی مٹھی بند کردی۔ پیسے ملتے ہی حشو فوراً دروازہ کھول کر باہر نکل گئے۔ میں دروازے کی اوٹ سے سندھ کے اس عظیم دانشور، اعلیٰ مفکر، انگریزی صحافت کی دنیا میں آبرودار رتبہ رکھنے والے حشو کیول رامانی کو آخری بار بڑے بڑے قدم اٹھاتے ہوئے اندھیرے میں گم ہوتے دیکھتا رہا۔

واپس اندر آکر میں نے کیرتھ سے کہا کہ کھانا مت منگوانا آج میں ایک لقمہ بھی نہیں نگل پاؤں گا۔"

حشو کتنے عظیم انسان تھے۔ ان کی عظمت کو ایک بلاگ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے لیے ایک مکمل کتاب کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جلاوطن ہونا پسند کیا، لیکن اپنے خیالات پر اور اپنی جدوجہد پر سمجھوتہ کرنے کے لیے کبھی رضامند نہیں ہوئے۔

پاکستان سے جلاوطنی کے بعد بھی انہیں پاکستان ہجرت کرنے والوں کا خیال تھا کہ کہیں ان کے ساتھ زیادتی نہ ہو، صرف اس وجہ سے کہ انہوں نے ترک وطن کیا تھا اور وہ ترکِ وطن کی تکلیف سے اچھی طرح واقف تھے۔

اختر بلوچ

اختر بلوچ سینئر صحافی، لکھاری، اور محقق ہیں۔ وہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے کونسل ممبر ہیں۔ وہ سوشیالوجی پر کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (20) بند ہیں

ashraf solangi Mar 30, 2015 06:09pm
ڪهڙا ماڻهو هئا جيڪي مذهبي ڀيد ڀائو کان مٿانهون هئا جن حشو کي زبردستي جلا وطن ته ڪيو پر پوءِ به هن کي ان ڳالهه جو احساس هيو ته پاڪستاني مهاجرن سان ڪابه زيادتي نه ٿئي پوءِ هن سان اهو ئي ٿيو جيڪو جلا وطن ٿيڻ وارن سان ٿيو، حشو عظيم عظيم عظيم آهي........... مهرباني بلوچ صاحب........................................
Ashiq Sindhi Mar 30, 2015 07:21pm
اختر بلوچ صاحب، ہر بار کی طرح اس بار بھی, بہترین.
danish Mar 30, 2015 07:39pm
zabar dast akhter bhai... bohat he ala likha he... kafe malomat he
Roohan Ahmed Mar 30, 2015 08:34pm
ہمیشہ کی طرح بہت خوب لکھا ہے اختر صاحب آپ نے. وہ شخصیات جو تاریخ کی دھول میں دب چکی تھیں انہیں پھر سے آپ نے اپنے قلم سے زندگی بخشی ہے۔۔۔۔۔
danish ali qureshi Mar 30, 2015 08:42pm
hashoo was a great parson and it is a true example of his greatness that when he was forcibly move to India but he was worried about Urdu speaking who migrated Pakistan .
adeel Mar 30, 2015 09:03pm
akhtar balouch sahab achchi malumat farham karnay ka shukriya aap ka, ziyada tar logon ko hindustan kay baray may pata hai k hindustan say Aanay walay logon kay sath kesa bura suluq hoa yahan lekin hamaray logon kay sath kia hoa wahan is ka ilm aap nay hamay abhi diya apnay is blog kay zariye ,sochnay ki bat ye hai kay hamari taraf say janay walay log kitnay azeem thay kay inhain hindustan say hijrat karnay walon ki fikar thi aur in kay lien fikar mand bhi thay . diya raam guddu mil kay bad hasho azeem log azeem hotay hain. mazhab ,zuban aur firkay say balatar hasho teri azmat ko salaam . bohat khub baloch sahab
ashraf solangi Mar 30, 2015 09:34pm
i make my coments in sindhi but still waitng for publishing of my coments, i am of the view that hasho was a great sindhi hindu and he was not agree to go to india we still need some type of people in sindh Hasho you were you are and you will be the great person of sindh t
k.M.Abbasi Mar 30, 2015 09:42pm
Masood khidr clad hsu knew very well. Ayaz Sahiwal prison diary book that writes on page 550: Hsu Masood said during the conversation, "hsu you go to India?" Hsu the hinges answered, "Mas'ud This is my country, India, why should I? Masood his thumb pointing to the room said the Commissioner "You Sindhis will be decimated like Red Indians" (You will be told lasting Sindhi like Red Indians). Masood hsu then shook his head in order to increase the period of detention was not until we were out of the room, it did not look up at us it is a bitter fact.
Shahnaz shoro Mar 30, 2015 11:27pm
میں نے جیب سے 10کا نوٹ نکال کر چپ چاپ حشو کی ہتھیلی پر رکھ کر ان کی مٹھی بند کردی۔ پیسے ملتے ہی حشو فوراً دروازہ کھول کر باہر نکل گئے۔ میں دروازے کی اوٹ سے سندھ کے اس عظیم دانشور، اعلیٰ مفکر، انگریزی صحافت کی دنیا میں آبرودار رتبہ رکھنے والے حشو کیول رامانی کو آخری بار بڑے بڑے قدم اٹھاتے ہوئے اندھیرے میں گم ہوتے دیکھتا رہا۔
Salam Dharejo Mar 30, 2015 11:35pm
Hashu a Genius politiacal figure of Sindh may not be known by the young generation but those who know about the worth of Hashu always remember him with honour. How migration kills the genuineness, we have live example of Hashu who lived and died as unknown person in India. Akhtar i really appreciate your efforts to unfold the history. A wonderful write-up that reminds that history never like injustice.
Mir Kamal Khan Mar 31, 2015 12:11am
Baloch Sab Mein Aap ke nuqta nazar se ittefaaq nahee, Jalawatni Khud Saakhta Nahee Hoti, Halaath Peda karthez Hein, Aap apne halaath teek karein kisi ko dar ba dari ka shauq nahee.
makhdoom shams Mar 31, 2015 08:40am
Hashu A Great Man of Sindh......Red Salute
kamran Mar 31, 2015 10:38am
Bohat alla! The ways of the world often eludes revolutionaries . So many good things to learn from a little write up.
Rizwan Mar 31, 2015 12:23pm
Bhout achi maloomat farham kee aap ney.
Iqbal Mar 31, 2015 01:26pm
Thanks Baloch sb for your valuable information, such people are great and asset of a nation. But this information is not sufficient to develop an opinion about the personality of Hashoo; you can provide some more information that could help readers to understand this personality. Did Hashoo ever tried to come back to Sindh after years ? why he was unable find out any source for his living instead he use to get support from friends? what circumstances pushed him to compromise on his ego?
اظہر مشتاق Mar 31, 2015 01:55pm
ایک بہت منفرد تحریر! اختر بلوچ کا قلم الفاظ نہیں ایسے احساسات کو جنم دیتا ہے جو ضمیر کو کچوکے لگا کر اُسے جاگنے پر مجبور کرتا ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں انہوں تقسیم کی سفاکی سے لڑتے ایک قوم پرست کردار کو قارئین سے روشناس کروایا۔ جسے روائتی تاریخ دانوں نے اہمیت دینا ضروری نہیں سمجھا۔
Qazafi Qaisrani Baloch Mar 31, 2015 03:13pm
سئیں اختر بلوچ ، بہت عمدہ تحریر بہت شکریہ ہمیں سئیں حشو کے بارے میں معلومات دینے کا ،
راجہ کاشف علی خان Apr 01, 2015 01:43pm
میں آپ کے اس کالم سے متفق نہیں! نظریہ پاکستان سے مخالفت کرنے والے چاہیے کتنے ہی عظیم کیوں نہ ہوں مجھ جیسے محب وطن پاکستانی کی نظر میں ان کی کوئی قدر نہیں! وہ جن نظریات کے غلام ہیں ان کی کو جگہ اس پاک سرزمین پر نہیں ہونی چاہیے! ایسے بے شمار فتنہ پرور دانشور اس دھرتی کا بوجھ ہیں جن کے شرانگز افکار و نظریات نے اس دھرتی کا سکھ چین چھین رکھ ہے! کیا کس ہندوستانی مسلمان کو ہندوستان میں اسے افکار کی موجودگی میں جینے کا حق دیا جاتا ہے؟ کیا دنیا کے کسی بھی ملک میں رہ کر اس کے نظریئے سے اختلاف کی اجازت ہے؟ کیا کوئی شخص صرف اس وجہ سے عظیم بن جاتا ہے کہ وہ صرف اپنی جائے پیدائش سے محبت کرے اور ریاست کا انکاری بن جائے؟ ایسے دانشوروں اور سیاسی لیڈروں نے پاکستان کی ریاست سے ظلم کیا اور قوم کو تقسیم کر کے رکھ دیا! اس جیسے ظالموں کا ہیی انجام ہونا چاہیے جو ان موصوف کا ہوا ، جی ایم سید کا انجام بھی ان صاحب سے مختلف نہیں تھا اور ایسا ہی انجام الطاف حسین کا بھی ہونے جارہا ہے.....!
Afzal Baloch Apr 01, 2015 03:38pm
ويا مور مري، هنج رهيو نه هڪڙو.
راجہ کاشف علی خان Apr 01, 2015 07:44pm
میں سمجھ گیا ساری کہانی!!!!

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024