گجرات: توہینِ صحابہ پر ملزم دوران حراست قتل
گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر( اے ایس آئی) نے توہین صحابہ کا الزام لگا کر زیرِ حراست ملزم کو قتل کردیا۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق گجرات کے سول لائن تھانے میں اے ایس آئی فراز نوید نے توہین صحابہ کا الزام لگا کر زیر حراست ملزم طفیل حیدر کو کلہاڑیوں کے پے دَر پے وار کر کے قتل کردیا۔
جھنگ کے رہائشی 45 سالہ سید طفیل حیدر کو تھانہ سول لائن پولیس نے نواحی گاؤں سے ایک معمولی جھگڑے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول طفیل حیدر مجلس پڑھنے آیا تھا جبکہ اس کا ذہنی توازن بھی درست نہیں تھا۔
تفتیش کے دوران ملزم طفیل اور اے ایس آئی فراز نوید کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو بڑھ کر ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
جس کے بعد طیش میں آکراے ایس آئی نے ملزم کو گردن پر کلہاڑیوں کے وار کر کے ہلاک کردیا۔
پولیس نے ملزم اے ایس آئی فراز نوید کو گرفتار کرکے آلۂ قتل برآمد کرلیا ہے۔
جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیےعزیر بھٹی ہیڈ کوارٹر ہسپتال گجرات منتقل کردیا گیا ہے۔
انسانی حقوق کی پامالی کا یہ واقعہ کوئی نیا نہیں۔ اس سے قبل بھی ایسے واقعات پاکستان میں رونما ہوتے رہے ہیں۔
2010 میں گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے پاکستان میں ناموسِ رسالت اور قانونِ توہین رسالت کی شدید مخالفت کرتے ہوئے فوجی آمر ضیاالحق کے دور میں کی کی گئی ترمیم کو کالا قانون قرار دیاتھا۔
اس کے نتیجہ میں علماء کی ایک بڑی تعداد نے سلمان تاثیر کو واجب القتل قراردے دیا اور 4 جنوری 2011ء کو ان کے ایک محافظ ملک ممتاز حسین قادری نے اسلام آباد کے علاقے ایف-6 کی کوہسار مارکیٹ میں سلمان تاثیر کو قتل کر دیا تھا۔
اسی طرح کا ایک واقعہ رواں ہفتے بھی پیش آیا تھا، جب لاہور سے ساٹھ کلومیٹر دور شہر کوٹ رادھا کشن میں ایک اینٹوں کے بھٹے پر مشتعل ہجوم نے قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی پر ایک عیسائی جوڑے کو تشدد کرنے کے بعد انہیں بھٹی میں زندہ جلا دیا ۔
ریاست نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، انصار برنی
دوسری جانب انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکن انصار برنی کا کہنا ہے کہ 'گجرات کا واقعہ افسوسناک ہے'۔
انہوں نےسوال کیا کہ 'حکومت اورعدالتیں کہاں ہیں اور اس سلسلے میں نوٹس کیوں نہیں لیا جا رہا؟'
انصار برنی کا کہنا تھا کہ 'مجھے ریاست نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی اور معاملات سول وار کی طرف جاتے ہوئے نظر آرہے ہیں'۔
تبصرے (2) بند ہیں