خیبر: 25 سے زائد شدت پسندوں نے ہتھیار ڈال دیے
پشاور: خیبر ایجنسی میں ایک کالعدم لشکراسلام کے اہم کمانڈر کے بھائی سمیت دو درجن سے زائد جنگجوؤں نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ون کے دوران لشکر اسلام کے کمانڈر کے بھائی اور اس کے 25 ساتھیوں نے دو گاڑیوں اور بڑی مقدار میں اسلحہ سمیت باڑہ کے علاقے برقمبر خیل میں سیکورٹی فورسز کو گرفتاری دی۔
اس سے قبل اٹھارہ اکتوبر کو بھی خیبر ایجنسی میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر نے اپنے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے تھے۔
شمالی وزیرستان میں 15 جون کو شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے دوران بعض شرپسنوں کی خیبر ایجنسی میں فرار ہونے کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے خیبرایجنسی میں بھی اپنی کارروئیاں تیز کردیں ہیں جنہیں 'آپریشن خیبر-ون' کا نام دیا گیا ہے۔