حاتم طائی باس، ملازمین کو دیوالی پر ملے لاکھوں کے تحائف

شائع October 21, 2014
ملازمین کو دیوالی کے تحائف میں کار، فیلٹس کے لیے بینک ڈپازٹس اور ہیروں کے زیورات دینے کی تقریب میں کاریں قطار میں کھڑی ہیں۔ —. فوٹو بشکریہ پریس ٹرسٹ آف انڈیا
ملازمین کو دیوالی کے تحائف میں کار، فیلٹس کے لیے بینک ڈپازٹس اور ہیروں کے زیورات دینے کی تقریب میں کاریں قطار میں کھڑی ہیں۔ —. فوٹو بشکریہ پریس ٹرسٹ آف انڈیا

احمدآباد: ہندوستان کی مغربی ریاست گجرات میں ایک سخی دل باس نے اپنے بارہ سو ملازمین کو نئی کار، فلیٹ کے لیے بینک ڈپازٹ اور ہزاروں ڈالرز مالیت کے ہیروں کے زیوارت ان کی وفاداری کے انعام کے طور پر دی ہے۔

سورت شہر میں ہیروں کے تاجر نے ہندوؤں کے اہم تہوار دیوالی سے پہلے اتوار کو منعقدہ ایک تقریب میں اپنے ملازمین کو یہ گراں قدر تحائف پیش کیے۔

یہ تمام تحائف جس میں ملازمین کی بیویوں کے تحائف بھی شامل تھے، سواجی بھائی ڈھولکیا کی کمپنی کے پچاس ارب روپے (815 ملین ڈالرز) کی کل مالیت کے وفاداری کے پروگرام کا ایک حصہ ہے۔

ہری کرشنا ایکسپورٹ کے چیئرمین سواجی بھائی ڈھولکیا نے پیر کو بتایا کہ ’’ہم نے ان ملازمین کو یہ انعام دیا ہے، جنہوں نے برسوں سے کمپنی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘

ہیروں کی تراش خراش اور اس کی برآمدات کے مرکز سورت سے تعلق رکھنے والے سواجی بھائی ڈھولکیا نے کہا ’’انہوں نے کمپنی کی ترقی کے لیے اپنے اہلِ خانہ کے لیے مختص وقت کی قربانی دی اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس انعام کے مستحق ٹھہرے ہیں۔‘‘

روشنیوں کے تہوار دیوالی پر بہت سے ملازمین کو ان کے مالکان کی طرف سے کچھ تحائف ملتے ہیں، لیکن یہ عام طور پر ہندوستانی مٹھائیوں کے ڈبّے ہوتے ہیں۔

سواجی بھائی ڈھولکیا کے مجموعی وفاداری کے پروگرام کے تحت ایسے ملازمین جنہوں نے پچیس معیارات میں پوائنٹس حاصل کیے انہیں پانچ برسوں سے انعامات دیے جارہے ہیں، لیکن اس سال کے انعامات نے نئی بلندیوں کو چھولیا ہے۔

انہوں نے کہا ’’ہم نے 207 ملازمین کو اپارٹمنٹس، 491 کو کاریں اور 500 ملازمین کو زیورات دیے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اپارٹمنٹس کے لیے بینک ڈپازٹ ایسے ملازمین کو دیے گئےہیں، جن کے پاس اپنا گھر نہیں ہے۔ جبکہ ایسے کارکن جن کے پاس پہلے سے اپنے گھر ہیں، ان کو کاریں دی گئی ہیں۔

سواجی بھائی ڈھولکیا نے کہا ’’زیادہ سے زیادہ پانچ ہزار آٹھ سو ڈالرز مالیت کی فی کس جیولری کچھ ملازمین کو ان کی بیویوں کے لیے دی گئی ہیں، اس لیے کہ ان کی شریک حیات نے بھی بالواسطہ طور پر کمپنی کی ترقی میں حصہ لیا ہے۔‘‘

ایک ملازم گروور ڈگال نے این ڈی ٹی وی نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کمپنی کے لیے دو سال سے زیادہ عرصے سے کام کررہے ہیں، اور یہ مدت ان کے لیے ناقابل بیان ہے۔ یہ زیورات جو مجھے دیے گئے ہیں، ناصرف انمول ہیں، بلکہ اس سے میرے لیے اور دیگر ملازمین کے لیے کمپنی کے جذبات بھی ظاہر ہوتے ہیں۔‘‘

سواجی بھائی ڈھولکیا کی کمپنی 75 ملکوں کو چمکدار ہیرے برآمد کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 نومبر 2024
کارٹون : 19 نومبر 2024