حیدرآباد میں فائرنگ سے فوجی افسر ہلاک
حیدرآباد: حیدرآباد میں فائرنگ سے پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹننٹ ہلاک جبکہ ان کے بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
منگل کو حیدرآباد کے بلدیہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع صحافی کالونی میں پیش آنے والے واقعے میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے آرمی افسر عبدالہادی مغل کو ان کے گھر کے باہر سینے پر دو گولیا ں ماریں۔
واقعے میں فوجی افسر کے دو بھائیوں فیصل مغل اور علی مغل کو جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں لگیں۔
ایس پی سٹی عمر طفیل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیکنڈ لیفٹننٹ عبدالہادی مغل فوراً ہلاک ہو گئے، ان کی لاش کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لے جائی گئی جہاں ان کی موت کی تصدیق ہو گئی۔
ان کے دونوں بھائیوں کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال کی سٹی برانچ لے جایا گیا جس کے بعد اسی علاقے میں واقع بون ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
طفیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں نہ ہی کوئی چیز چھینی گئی اور نہ ڈکیتی کی کوشش کی گئی، ایک دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور داخلی دروزاے پر انہیں نشانہ بنایا۔
زخمی ہونے والے فیصل کے دوست ایڈووکیٹ فضل قادر میمن نے بتایا کہ فیصل کو ڈاکٹروں کے مشورے پر کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ مقتول ی رہائش گاہ سے محض چند قدم کے فاصلے پر کالونی میں ہی پیش آیا۔